• news

جمہوریت کے نام پر جمہوریت کو دھمکیاں باعث تشویش ہیں: زرداری‘ پی پی کا 47 واں یوم تاسیس آج منایا جائے گا

لاہور (خبرنگار)آصف زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت ہی ہماری سیاست ہے اور ملک میں سیاسی تبدیلی صرف ووٹ کی طاقت سے ہی آسکتی ہے، جمہوریت کے نام پر جمہوریت کو دی جانیوالی دھمکیوں پر تشویش ہے،کسی کو بھی دبائو میں اپنا ایجنڈا نافذ نہیں کرنے دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور آمد کے بعد بلاول ہائوس میں پارٹی رہنمائوں سے گفتگو میں کیا۔ ملاقات  میں (آج) اتوار کو پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ رہنمائوں کی جانب سے آصف زرداری کو پارٹی کی پنجاب میں صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ خصوصی پیغام میں زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی اُمید ہے اور انسانی قدروں کے لئے کام کرتی ہے، اقتدار کے مالک پاکستانی عوام ہے اور ہم عزم کرتے ہیں کہ عوام کی طاقت ان کو لوٹائیں گے، جمہوریت ہی ہماری سیاست ہے ملک میں سیاسی تبدیلی صرف ووٹ کی طاقت سے آسکتی ہے۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کا 47 واں یوم تاسیس آج ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منایا جائیگا۔ مرکزی تقریب بلاول ہائوس لاہور میں ہو گی۔ بلاول بھٹو زرداری مرکزی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ مرکزی تقریب سے قبل بلاول ہائوس میں پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بھی ہو گا جس میں پارٹی کے مجموعی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری بعض ناگزیر وجوہات کی وجہ سے برطانیہ سے پاکستان نہیں پہنچ سکے، وہ اس تقریب کے بعد لاہور پہنچ کر ورکرز سے ملاقاتیں کریں گے۔ یوم تاسیس کی تقریبات 2روز جاری رہنا تھیں مگر اب یہ (پیر یکم دسمبر کے وقفے) سے دو روز جاری رہیں گی۔ 2دسمبر منگل کو سندھ، بلوچستان، خیبر پی کے، فاٹا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سے مندوبین، کارکن، بلاول ہائوس میں یوم تاسیس کی تقریب میں شریک ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن