• news

آج رات 12 کے بعد پٹرول 9.66‘ ڈیزل 7.12‘ مٹی کا تیل 4.34 روپے لٹر سستا

حویلیاں (این این آئی+ آن لائن) وزیر اعظم محمد نوازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم دسمبر سے پٹرول 84 روپے 53 پیسے، ہائی سپیڈ 94 روپے 9 پیسے فی لٹر ملے گا۔ امید ہے دھرنے والے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر اعتراض نہیں کرینگے۔ وزرائے اعلیٰ ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کمی کرائیں، مہنگائی کی کمر ٹوٹ جانی چاہئے۔ یہ اعلان وزیر اعظم نے حویلیاں میں موٹر وے منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ پٹرول کی قیمت میں 9 روپے 66 پیسے فی لیٹر کمی کررہے ہیں جس کے بعد پٹرول 94 روپے 19 پیسے سے کم ہو کر 84 روپے 53 پیسے ملے گا، ہائی آوکٹین 10 روپے 18 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد 106 روپے 27 پیسے فی لیٹر دستیاب ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مٹی کے تیل میں 4 روپے 34 پیسے کمی گئی ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 12 پیسے فی لیٹر کمی گئی ہے جو 101 روپے 21 پیسے سے کم ہو کر 94.09 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل میں 5 روپے 39 پیسے کی کمی کی گئی ہے جو 83.37 سے کم ہو کر 77 روپے 98 پیسے فی لٹر میں فروخت ہوگا۔ ڈر ہے دھرنے والے کہیں اسکے خلاف بھی دھرنا نہ دیدیں۔ انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد کھانے پینے کی اشیاء میں بھی سستی ہونی چاہئیں۔ کسانوں کے ٹیوب ویل اور ٹریکٹر سستے چلیں گے جس کے بعد اناج کی قیمتوں میں بھی کمی آئیگی، کارخانے سستے چلیں گے، قیمتیں کم ہونگی، آلو پیاز، ٹماٹر، آٹے کی قیمتیں کم ہونگی اور عوام خوش ہونگے۔ نوازشریف نے ہزارہ موٹروے کو خوشحالی کا پیغام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نئے خیبر پی کے کی بنیاد رکھ رہی ہے۔ دھرنے والو آ کر دیکھو ملک کو پیچھے لیجانے کا بدلہ عوام ان سے 2018ء کے انتخابات میں لینگے۔ دھرنے والے ہمیں بھی دکھائیں کہ جس نئے پاکستان کی وہ بات کرتے ہیں وہ جنت کہاں ہے، خدا کا خوف کریں۔ تمیز تہذیب اور اخلاق سے سیاست کریں، دھرنے والے بچوں کو جو زبان سکھا رہے ہیں کیا نئے پاکستان میں بچے یہ زبان سیکھیں گے، والدین کو سوچنا چاہئے، جھوٹ بولنا لوگوں نے اپنا شیوہ بنالیا ہے، بدتمیزی کا ہم جواب بھی نہیں دیتے، وقت آئیگا، پاکستان ایشین ٹائیگر بنے گا، دھرنوں میں جو زبان بولی جاتی ہے کوئی غیرتمند برداشت نہیں کرسکتا، دھرنوں سے ملک پیچھے جانے کے سوا کچھ نہیں ہونیوالا، ملک بھر میں موٹرویز اور سڑکوں کا جال بچھائیں گے۔ چین کی مدد سے بجلی کی قلت ہمیشہ کیلئے ختم کردینگے، ہم نئے پاکستان کی جھلک خیبر پی کے میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت خیبر پی کے میں ترقی اور خوشحالی لائیگی۔ وزیراعظم نے کہا آپکو دیکھ کر خوش ہورہا ہوں، اس سے پہلے عام انتخابات میں ملاقات ہوئی تھی یہاں پر بہت اچھی باتیں ہوئی تھیں آج اپنے وعدوں کی تکمیل کیلئے یہاں آیا ہوں، حویلیاں میں سب سے پہلے موٹروے بنائی جا رہی ہے، یہ موٹروے حویلیاں کو برہان سے ملائیگی اس کے بعد یہی موٹر وے ایبٹ آباد، مانسہرہ اور بٹگرام جائیگی، ڈرائی پورٹ گلگت بلتستان بھی جائیگی، حویلیاں سے مارگلہ کی پہاڑیوں سے سرنگوں کے ذریعے اسلام آباد شہر تک جائیگی۔ 33 ارب روپے اس موٹروے پر خرچ ہونگے، اگر 133 ارب بھی ہوں تو عوام پر نچھاور کرینگے۔ خیبر پی کے کے عوام کیلئے اس رقم کی کوئی حیثیت نہیں۔ خوشحالی آنی چاہئے، روشن پاکستان بننا چاہئے، دھرنے والوآئو دیکھوجس صوبے میں آپ کی حکومت ہے وہ وفاقی حکومت کے تعاون سے نیا روشن خیبر پی کے بن رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہزارہ میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد پر بھی رکھا جائیگا، دھرنوں کے باوجود موٹر وے بن رہی ہے، یونیورسٹی بنے گی گیس کی کمی کو دور کیا جائیگا، جب گیس کی کمی پوری ہوگی تو سب سے پہلے گیس حویلیاں کو دی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ پاک چائنہ بارڈر خنجراب سے لیکر رائے کوٹ تک بہترین ایکسپریس وے بن چکا ہے۔ عطا آباد جھیل کا حصہ بھی مکمل ہونیوالا ہے، یہ سڑک تھاکوٹ تک جائیگی۔ یہاں ریلوے آئیگی وہ کراچی، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد اور لاہور سے ملائے گی۔ ایک اور ریلوے اسلام آباد مظفر آباد جائیگی اور یہ منصوبے ہمارے دور میں مکمل ہو نگے۔ اس سے پورے علاقے میں ترقی بجلی کی طرح پھیلے گی۔ لواری ٹنل اور چترال والے سن لیں ہم نے لواری ٹنل کو بھی مکمل کرنا ہے، راتوں رات لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہیں ہوسکتا لیکن اپنے دور کے اختتام تک بجلی کی قلت ختم کردینگے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور سے کراچی موٹروے کا دسمبر میں سنگ بنیاد رکھ دیا جائیگا۔ حکومت بھاشا ڈیم بنا رہی ہے جو تربیلا اور منگلا سے بھی بڑا ہوگا، تعمیر جلد شروع ہونیوالی ہے۔ آج بجلی کے بحران کے خاتمے کی بات کسی بنیاد پر کر رہا ہوں چین ہمارا بہت اچھا دوست ہے، پاکستان اکیلا بجلی بحران سے نہیں نمٹ سکتا تھا چین نے کہا کہ ہم اس بحران کے خاتمے میں آپکے ساتھ ہیں۔ انہوں نے جلسے کے شرکاء سے پوچھا کہ آپکو بجلی چاہئے یا دھرنے والے چاہئیں، ترقی نہیں تنزلی ہوگی، دھرنوں سے کچھ نہیں بننے والا، دھرنے تباہی کی علامت ہیں انکو ختم ہونا چاہئے۔ دھرنے والے بچوں کو بدتمیزی نہ سکھائیں، اس طریقے کو بدلنا ہوگا، ماں باپ کو بھی سوچنا ہوگا کہ وہ اپنے بچوں کی کیسی تربیت چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ گوادر سے لیکر نوابشاہ تک ایران کے بارڈر سے لیکر گوادر تک گیس پائپ لائن بچھا کر پاکستان میں گیس کی کمی کا خاتمہ کرینگے۔ حکومت ایمانداری سے کام کررہی ہے، حکومت اپنے فرائض ادا کر رہی ہے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے پاکستان کو پرامن ملک بنائیں گے۔ آن لائن کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ 45 ہزار ووٹ لینے والے ایک لاکھ 45 ہزار ووٹ لینے والو ں پر دھاندلی کا الزام لگا رہے ہیں، دھرنوں سے بے روز گاری ختم نہیں ہوگی بڑھے گی، ترقی نہیں تنزلی ہوگی۔ اتنے جھوٹ ساری زندگی میں نہیں سنے جتنے دھرنے میں سنے ہیں، یہ ساری حدیں پھلانگ گئے ہیں۔ پاکستانی بن کر تمیز تہذیب اخلاق کی سیاست کرو انکو بدتمیزی نہ سکھائو، یہ طریقہ بدلنا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن