• news

3 بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت نہ کرنے پر پی ایچ ایف کو جرمانہ

لاہور (نمائندہ سپورٹس) فنڈز کی کمی کی وجہ سے تین بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو جرمانہ کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا مجاہد علی خان نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جرمانہ فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی نے کیا ہے۔ یہی صورتحال برقرار رہی تو ہمیں خاصے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ چیمپئنز ٹرافی کے بعد بھی بین الاقوامی مصروفیات ہیں لیکن ہمیں خدشات لاحق ہیں کہ شرکت نہ کر سکے تو ملک کی ساکھ بھی خراب ہو گی اور مزید جرمانے بھی ہو سکتے ہیں۔ ہمارے پاس تو ہاکی کھیلنے کے پیسے نہیں ہیں، جرمانے کیسے ادا کرتے رہیں۔ حکومت پاکستان سے درخواست ہے کہ وہ قومی کھیل کی سرپرستی کرے۔ حقیقی معنوں میں ہاکی کا ساتھ دے۔ ہمیں ہاکی میں قومی و بین الاقوامی سرگرمیوں کو چلانے کیلئے سالانہ 50,40 کروڑ روپے کی ضرورت ہے۔ حکومتی تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں۔ ہم یہ پیسے اپنی ذات کیلئے نہیںمانگ رہے قومی کھیل کو زندہ رکھنے اور اپنے اعزازات دوبارہ حاصل کرنے کیلئے مانگ رہے ہیں۔ اخراجات کی تفصیل بھیجی ہوئی ہے۔ کسی کو اعتراض ہے تو وہ چیک کر سکتا ہے۔ ماضی میں ملنے والے فنڈز کا حکومت سے آڈٹ ہوا تھا۔ اب نادان دوست اس معاملے سے بے خبر ہیں اور منفی بیان بازی کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن