• news

کرپشن کا نظام ختم، سٹیل ملز، پی آئی اے جیسے اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دینگے، سراج الحق

پشاور (آئی این پی) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کے 18کروڑ عوام موجودہ نظام سے تنگ آچکے ہیں۔ جماعت اسلامی 25 دسمبر کو مزار قائد کراچی سے ملک میں موجووہ ملکی حالات کے خلاف ملک کو خوشحال، اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا آغاز کریگی۔ جماعت اسلامی سیاست کو عبادت سمجھتی ہے نہ کہ کاروبار۔ ہم ملک میں یکساں نصاب تعلیم رائج کرینگے اور ذریعہ تعلیم قومی زبان ہو گی۔ ہم آزاد خارجہ پالیسی بنائینگے۔ ہم رشوت کا خاتمہ کرکے وزراءاور ممبران تک رسائی کے کلچر کو ختم کرینگے۔ الخدمت فاﺅنڈیشن نے 5 سال میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے 23 ارب روپے خرچ کئے۔ المرکز اسلامی پشاور میں الخدمت فاﺅنڈیشن پشاور کے زیراہتمام 50 اجتماعی شادیوں کی تقریب کے موقع پر انہوں نے کہا کہ شریعت کے خلاف منفی اور گمراہ کن پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی شریعت رحمت و برکت کا نظام ہے۔ انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے آزاد کرا کے ملک میں اسلامی شریعت نافذ کرینگے۔ حلال روز گار کے ساتھ ساتھ غریب کو علاج، سرچھپانے کے لئے چھت فراہم کرےنگے۔ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف جہاد کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ استحصالی نظام کی وجہ سے لوگ زندگی پر موت کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مزدوروں کو بے روزگار نہیں ہونے دینگے، ہم سٹیل ملز اور پی آئی اے اور او جی ڈی سی او جیسے اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دینگے۔ جماعت اسلامی غریب عوام، مزدور، محنت کشوں اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی پشت پر کھڑی ہے۔ انہوںنے کہا ہم خالد محمود سومرو کے قتل کی مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ قاتلوں کو گرفتار کرکے انہیں عبرتناک سزا دے۔ انہوں نے کہا کہ کسان، مزدور، مجبور مرد و خواتین کے لئے اعلان کرتا ہوں کہ اب وہ لاوارث نہیں ہیں۔ جماعت اسلامی آپ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی برسر اقتدار آکر نادار، مجبور اور غریب عوام کو آٹا، دال، چینی، چاول، چائے میں سبسڈی دینگی اور پانچ بیماریوں، دل، گردہ کے امراض، یرقان، تھیلسیمیا اور کنیسر کا مفت علاج مہیا کرینگے۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن