عمران ملک دشمنوں کے آلہ کار، ان سے مذاکرات نہیں ہو سکتے، پاکستان بند کرنیوالوں کا پوری قوت کیساتھ مقابلہ کریں گے: پرویز رشید
اسلام آباد+ لاہور (وقائع نگار خصوصی + خبرنگار + نیوزایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کے دشمنوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور ان کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ ان سے مذاکرات نہیں ہوسکتے ہم ان کو پاکستان بند نہیں کرنے دیں گے۔ ان کا پوری قوت سے مقابلہ کیا جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت میں لاکھوں لوگوں کو اکٹھا کرنے کا تحریک انصاف کے سربراہ کا بلند بانگ دعویٰ ناکام ہوگیا۔ عوام نے پی ٹی آئی کے دھرنے اور جلسے کا بائیکاٹ کیا۔ عمران خان کی ڈی چوک پر تقریر پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ لوگوں نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ نے فیصل آباد، سیالکوٹ، جہلم اور ملک کے دیگر شہروں میں جلسے کرکے اپنی مہم کے لئے لوگوں کو قائل کرنے کی کوشش کی، وہ کنٹینر پر بیٹھے اور لوگوں کا انتظار کرتے رہے۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ جماعت اسلامی اور ہری پور کے جلسے پی ٹی آئی کی آج کی جلسی سے بہتر تھے۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ وہ اقتصادی سرگرمیوں اور مختلف شہروں میں جلسوں کے ذریعے لوگوں کو اکسانے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ججوں اور عدالتوں کیخلاف ناشائستہ زبان استعمال نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پاکستان کا اقتصادی پہیہ روکنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پرویزرشید نے کہا کہ لاہور بند ہوگا اور نہ کوئی اور شہر، ہم پاکستان کے بیٹے ہیں ملک دشمنوں کے گریبان میں ہاتھ ڈالیں گے، بات چیت صرف محب وطن لوگوں سے ہی ہوسکتی ہے۔ آن لائن کے مطابق پرویزرشید نے کہا کہ پلان سی دراصل عالمی سازش کا حصہ ہے جس کے تحت 2015میں دینا کے نقشے سے پاکستان کو مٹانا ہے،جو سڑکیں اور کاروبار ی مراکز بند کرکے غریبوں کے چولہے ٹھنڈے کر کے اپنے شوق پورا کریں، ہم پاکستان کے بیٹے ہیں پاکستان کے زخم دیکھے ہیں عمران خان اس وقت کرکٹ کھیلتے تھے، 2105کے بارے میں عالمی میڈیا نے بے بنیاد خبریں چلائی تھیں کہ پاکستان ٹوٹ جائیگا عمران خان اسی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، عمران کے پلے جو کچھ بچا تھا وہ بھی اس اعلان کے بعد لٹا دیا، ہر شہر میں عمران کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں ، پاکستان کے دشمن کے گریبان میں ہاتھ ڈالیں۔قبل ازیں ان کاکہنا تھا کہ عمران مذاکرات سے پہلے تسلیم کریں کہ ان کا پلان اے اور بی ناکام ہوچکا ہے۔ دریں اثناء سعد رفیق نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے چمچے عمران خان کو پلان بنا کردیتے ہیں جس کا پیسہ باہر سے آتا ہے جب کہ ان کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے اوران کی عمر جتنا بچہ گمراہ ہوجائے تو اس کے لئے دعا ہی کی جاسکتی ہے، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کا اعلان پاکستان کے دوست کا اعلان نہیں ہوسکتا ان کے الفاظ سے ایسا لگا کہ کوئی ملک کا دشمن بات کررہا ہے جب کہ عمران خان شہر بند کرانے والے کون ہوتے ہیں یہ شہر شاداب و آباد رہیں گے، ان کے ناپاک عزائم کا مقابلہ عوام کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور90 لاکھ افراد کا شہر ہے اسے بند کرانا کوئی تماشا نہیں۔ عمران خان ایک طرف دھمکیاں دیتے ہیں اور پھرمذاکرات کا کہتے ہیں اس طرح کوئی ان سے مذاکرات کیسے کرسکتا ہے، ہم آج کے جلسے کے بعد ان سے بات کرنے کا ارادہ رکھتے تھے مگر آج پھر انہوں نے دھمکیاں دی ہیں مگر ہم اب ان دھمکیوں سے بھی نمٹ لیں گے۔وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک کا کہنا تھا کہ عمران خان کا اعلان افسوسناک ہے۔ ان کا لب و لہجہ بدلا ہوا ہے۔ پاکستان بند کرنے سے عوام کو نقصان ہوگا۔ چیئرمین تحریک انصاف سیاسی بصیرت اور تدبر کا مظاہرہ کریں اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھائیں۔ وزیر مملکت پانی و بجلی چودھری عابد شیر علی نے تحریک انصاف کے ڈی چوک جلسے کو رات کی تاریکی کی ناکام ترین جلسی قراردیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اے اور بی پلان کی ناکامی کے بعد پلان سی کا اعلان کرکے تصادم کی راہ ٹھان لی ہے۔ فیصلہ ان کی گندی سوچ کا عکاس ہے۔ پنجاب اسمبلی کے رکن زعیم قادری نے کہا ہے کہ شہروں اور ملک کو بند کرنے کا نقصان غریب عوام کو ہوگا، عمران خان عوام کو بیدار کرنے کے نام پر قانونی شکنی پر اکسا رہے ہیں۔ دھرنے کا مقصد فوت ہوچکا، عمران خان نے 108 دن جھوٹ بول کر عالمی ریکارڈ بنالیا۔ اے، بی، سی، ڈی اور ایف پلان بھی ناکام ہوگا۔ کاش عمران خان ملک کی ترقی و خوشحالی کا اے، بی، سی پلان بھی پیش کرتے۔ دھرنے پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اب عمران خان کہیں گے اوئے عوام تم بھی بک گئے، حکومت آئندہ انتخابات سے قبل لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردے گی۔ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان عاصم خان نیازی نے کہا ہے کہ بہتر ہوتا کہ عمران خان قوم کو بتا ہی دیں کہ آخر کون سی قوتیں یا شخصیات تھیں جنہوں نے نواز شریف کو اقتدار میں لا نے کیلئے دھاندلی اور ان کا کیا ایجنڈا تھا؟ انہوں نے کہا کہ قوم عمران خان سے نواز شریف کو اقتدار میں لانے والی قوتوں کے نام اور ان کے خفیہ ا یجنڈے کی تفصیل جاننا چاہتی ہے۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست دفن ہو چکی ہے کروڑوں روپے خرچ کے باوجود ساری قوت صرف کر کے چند ہزار لوگ اکٹھے کرنے والے احمق خان کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔