• news

طاہر القادری علاج کیلئے امریکہ جائینگے، عمران سمیت سیاسی رہنمائوں کی مزاج پُرسی

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ ایجنسیاں) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری آئندہ ایک دو روز میں علاج کی غرض سے امریکہ روانہ ہو جائینگے۔ ڈاکٹروں نے انہیں بیرون ملک جا کر علاج کا مشورہ دیا ہے۔ معلوم ہوا ہے وہ دبئی کے راستے امریکہ جائینگے۔ امریکہ سے آیا ایک ڈاکٹر انکے ہمراہ سفر کریگا جبکہ اس حوالے سے ترجمان کا کہنا ہے قائد عوامی تحریک کا بیرون ملک جانے کا ابھی کوئی پروگرام نہیں۔ مزید برآں عوامی تحریک کے بیمار قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی مزاج پُرسی کیلئے مختلف رہنمائوں کی جانب سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز سابق گورنر پنجاب غلام مصطفی کھر، سابق وزیر خارجہ سردار آصف احمد علی اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما امین شہیدی کی قیادت میں اسعد عباس نقوی، مظاہر شگری اور آصف رضا نے ملاقاتیں کی۔ آئی این پی کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری سے رابطہ کیا اور انکی خیریت دریافت کی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے ڈاکٹر طاہر القادری سے رابطے کے دوران انکی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ آن لائن کے مطابق طاہر القادری کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر انہیں علاج کیلئے خصوصی ایمبولینس طیارے میں بھجوانے کیلئے حکومت نے پیشکش کر دی ہے جس کا تاحال طاہر القادری اور انکے ورثاء نے کوئی جواب نہیں دیا۔ مزید برآں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے 16دسمبر کو ملک جام کرنے کے حوالے سے اعلان کے بعد عوامی تحریک نے اپنی اتحادی جماعتوں کا اجلاس آئندہ 72گھنٹے میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن