• news

تحریک انصاف کے جلسہ کی جھلکیاں متوالے پارٹی ترانوں پر رقص کرتے رہے نجی ٹی وی چینل کی گاڑی پر دستی بموں سے حملہ منچلے عمران کو دیکھنے درختوں پر چڑھ گئے سخت حفاظتی انتظامات‘ ہیلی کاپٹر سے نگرانی

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ وقائع نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کے جلسے میں کپتان کے متوالے پارٹی ترانوں پر رقص کرتے رہے۔ ٭ جلسے میں ڈی چوک پر پانچ سپیکر‘ دو سو ہیوی لائٹس اور پچاس جنریٹر نصب کئے گئے تھے۔ ٭ عمران کو پشاوری چپل کے مہنگے ترین جوتے پیش کئے گئے جسے وہ جلسے سے پہلے کنٹینر سٹیج پر پہنے نظر آتے رہے۔ ٭ سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کے تحت جلسہ گاہ کے اطراف اہم عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے گئے۔ جلسہ کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ ٭فیض آباد انٹر چینج پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے نجی ٹی وی چینلز کی ڈی ایس این جیز پر دستی بموں سے حملہ کردیا جس سے متعدد میڈیا کارکن زخمی ہوگئے۔٭ضلعی انتظامیہ جلسہ کے دوران خصوصی ویڈیو بنواتی رہی۔ ٭ خواتین کیلئے الگ پنڈال بنایا گیا تھا۔ ٭ ایدھی سنٹر کی 30 سے زائد ایمبولینس اور 100 سے زائد ریسکیو اور پیرا میڈیکل سٹاف نے خدمات انجام دیں۔ ٭ جلسہ میں شہریوں کو بالخصوص فیملیز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شیرخوار بچوں سمیت بزرگ خواتین جوق در جوق جلسہ گاہ کی جانب گامزن رہیں۔ ٭ عمران نے اسلام آباد کے جلسے میں 34 منٹ 55 سیکنڈز تک تقریر کی جبکہ شاہ محمود قریشی نے 8 منٹ‘ شیخ رشید نے 6 منٹ‘ جہانگیر ترین نے 5 منٹ‘ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے 8 منٹ تقریر کی۔ ٭ متوالے عمران خان کی ایک جھلک کے دیکھنے کیلئے سٹیج کے قریب درختوں پر چڑھ گئے اور پورے جلسے کو درختوں پر چڑھ کر گو نواز گو کے نعرے لگاتے ہوئے اپنے لیڈران کے خطابات سنتے رہے۔٭15 ہزار سکیورٹی اہلکار، وزارت داخلہ کا خصوصی سیل، آئی جی پولیس، چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ریڈ زون میں موجود رہے۔ ٭آزادی جلسہ کیلئے 4حفاظتی حصار بنائے گئے تھے جہاں پر 15 ہزار پولیس اہلکار، ایلیٹ ، رینجرز، ایف سی اور پنجاب پولیس کے اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے۔٭وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ’’کامیاب حکمت عملی‘‘ سے تحریک انصاف کو ڈی چوک میں جلسہ منعقد کرنے پر مجبور کر دیا۔٭ ڈی چوک ریڈ زون میں کنٹینرز لگا کر جلسہ کومحفوظ بنایا۔٭ چودھری نثار علی خان نے ذاتی طور پر انتظامات کی نگرانی کی وہ جلسہ کی مانیٹرنگ کرتے رہے اور لمحہ بہ لمحہ آگاہ رہے۔٭ پولیس کے دبائو کے باوجود موبائل سروس بند نہیں کی۔٭ وزیراعظم میاں نواز شریف کو وفاقی اور صوبائی حکومت تحریک انصاف کے احتجاج کے بارے میں لمحہ لمحہ آگاہ کرتی رہیں۔تحریک انصاف کے جلسہ کیلئے 3 سٹیج بنائے گئے، قائدین کیلئے 20فٹ اونچا، 80 فٹ لمبا میڈیا اور صوبائی قیادت کیلئے الگ الگ سٹیج تیار کئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن