• news

پنجاب حکومت بچت کی رقم کس مصرف میں لائے گی

پنجاب حکومت نے رواں مالی سال 2014-15 میں جولائی سے ستمبر (3 ماہ) کے دوران اخراجات جاریہ کی مدمیں 54 ارب 73 کروڑ 68 لاکھ روپے کی ریکارڈ بچت کی ہے۔ جبکہ ایک کھرب 74 ارب 98 کروڑ 78 لاکھ روپے مختص تھے۔ حکومت پنجاب نے رواں مالی سال 2014-15 کی پہلی سہ ماہی میں ترقیاتی فنڈز کیلئے ایک کھرب 74 ارب 98 کروڑ 78 لاکھ روپے مختص کئے تھے۔ لیکن حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ان فنڈز میں ریکارڈ بچت ہوئی ہے۔ کیا حکومت نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز روک کر بچت کی ہے۔ حکومت نے اگر جاری ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز روک کر یہ بچت کی ہے تو یہ انتہائی افسوس ناک صورت حال ہوگی اور اگر حکومت کے فنڈز جاری نہ کرنے سے مقررہ مدت میں منصوبے مکمل نہیں ہوئے تو بھی حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ اگر حکومت نے پہلے سے ہی منصوبوں کی لاگت سے زائد فنڈز مقرر کر رکھے تھے۔ تو ان فنڈز کے خوردبرد ہونے کا بھی امکان تھا۔ اصولی طور پر حکومت کسی بھی پراجیکٹ کی پہلے فزیبلٹی رپورٹ تیار کرتی ہے اور پھر اسی تناسب سے اس کے فنڈز جاری کئے جاتے ہیں لیکن بچت سے یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکومت نے فزیبلٹی رپورٹ کے بغیر ہی فنڈز جاری کئے تھے۔ اس معاملے کی تحقیق ہونی چاہئے۔ حکومت نے 49 ارب 75 کروڑ 7 لاکھ روپے کی بچت کی ہے۔ اب عوام کو بتایا جائے کہ یہ رقم کہاں خرچ کی جا رہی ہے۔ یہ بچت سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہیں ہونی چاہئے بلکہ اگر حقیقت میں اتنی بچت ہوئی ہے تو اسے خوردبرد سے بچا کر کسی بہتر مصرف پر خرچ کیا جائے لیکن عوام کو اس بارے آگاہ ضرور کیا جائے کیونکہ حکومت کے پاس یہ رقم قوم کی امانت ہے۔ اسے کرپشن کی نذر ہونے سے بچایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن