• news

وزیر اعظم سے نثار کی ملاقات، تحریک انصاف کی کال سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف سے وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے پیر کو وزیراعظم ہاﺅس میں اہم ملاقات کی، ملاقات میں تحریک انصاف کی طرف سے کال سے نمٹنے کی حکمت عملی اور تحریک انصاف سے مذاکرات کا عمل شروع کرنے کے امور پر بات چیت کی گئی، وزیراعظم نے 30 نومبر کے جلسے کےلئے اسلام آباد میں فول پروف سکیورٹی انتظامات پر وزارت داخلہ کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے وزیراعظم نواز شریف سے وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو 30 نومبر کے جلسے کےلئے کئے گئے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریف کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے آئین اور قانون کے مطابق تحریک انصاف کو جلسہ کرنے کی اجازت دی اور اس کےلئے جو معاہدہ کیا گیا اس پر دونوں اطراف سے عمل درآمد یقینی بنایا گیا۔ ملاقات میں عمران خان کی طرف سے لاہور، فیصل آباد کو بند کرنے اور پورے پاکستان میں پیہہ جام کی کال سے نمٹنے کے امور بھی زیر غور آئے اور اس حوالے سے وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب حکومت سے بھی قریبی رابطہ رکھیں۔

وزیراعظم/ نثار ملاقات


ای پیپر-دی نیشن