پاکستان میں پولیو کے 2نئے کیس سامنے کوئٹہ کے ورکرز نے ویکسین مہم کا بائیکاٹ کر دیا
پشاور+ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ملک میں پولیو کے دو نئے کیسز سامنے آگئے ، ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 270 ہوگئی۔ محکمہ صحت کے مطابق جن بچوں میں پولیو کے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان کا تعلق خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ سے ہے پولیو کا شکار ہونے والے بچے کی عمر گیارہ ماہ اور بچی کی عمر ایک سال ہے فاٹا میں رواں سال 165کیسز اور خیبر پختونخواہ میں 59 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ کوئٹہ کے علاقے مینگل ٹاﺅن میں حفاظتی ٹیکہ جات ٹیم کے شہید ہونے والے ارکان کے لواحقین اور پولیو ورکرز نے پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ پریس کلب کے سامنے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پولیو ورکرز کی 7 ماہ سے تنخواہیں بند ہیں اور پولیو ورکرزکے جائز مطالبات تسلیم نہیں کئے جارہے جس کی وجہ سے ہم نے یہ فیصلہ کیا کہ پولیو مہم سے بائیکاٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں کوئٹہ میں پولیو ورکرز کی شہادت کے بعد ہمیں دھمکیاں دی جارہی ہیںکہ اگر دوبارہ پولیو مہم میں حصہ لیا تو گولیاں مار دی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ جب تک ہمیں تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا اس وقت تک ہم پولیو مہم میں حصہ نہیں لیںگے۔ شہید ہونے والی پولیو ورکر حمیدہ بی بی کی بہن حمیرہ جاوید نے کہاکہ میری بہن کی منگنی بھی ہوئی تھی اور اب ان کی شادی ہونے والی تھی کہ دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے انہیں شہید کردیا یہ کہاں کے بلوچ روایات ہےں کہ کسی عورت پر ہاتھ اٹھایا جائے۔
پولیو کیس