نواز، مودی کے ہاتھ ملانے میں سارک رہنماﺅں نے اہم کردار ادا کیا : نیپالی وزیر خارجہ
نئی دہلی (آئی این پی) نیپال کے وزیر خارجہ مہندرا بہادر پانڈے نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو قریب لانے، ہاتھ ملانے اور سارک سربراہ کانفرنس کے موقع پر دونوں میں سرد جنگ کے خاتمے کیلئے آمادہ کرنے پر افغان صدر اشرف غنی اور دیگر سارک رہنماﺅں نے اہم کردار ادا کیا اس کے بعد دونوں میں سرد جنگ کا خاتمہ ہوا‘ نیپال نے پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کو قریب لانے کی بھی کوشش کی۔ بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے گفتگو کرتے ہوئے نیپالی وزیر خارجہ نے کہا کہ نیپال نے نہ صرف پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان ہاتھ ملوانے کی کوششیں کیں بلکہ ہم نے دونوں رہنماﺅں کے ذہنوں کو بھی ایک دوسرے کے قریب لانے کی بھی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کے دعوت نامے تقسیم کرنے کیلئے میں نے ذاتی طور پر تمام سارک وزرائے خارجہ سے ملاقات کی۔ حکومتوں اور مملکتوں کے سربراہان سے ملاقاتوں میں زور دیا کہ اعتماد اور ہم آہنگی سارک راہنماﺅں کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ ہم نے باہمی تنازعات کے حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
نیپالی/وزیر خارجہ