• news

انسانی حقوق کیلئے غیرمعمولی اقدامات، عاصمہ جہانگیر نے ”رائٹ لائیولی ہوڈ“ ایوارڈ وصول کرلیا

سٹاک ہوم + لندن (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) انسانی حقوق کی رہنما عاصمہ جہانگیر نے ”رائٹ لائیولی ہوڈ“ ایوارڈ وصول کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق عاصمہ جہانگیر کویہ ایوارڈ انسانی حقوق کیلئے غیر معمولی اقدامات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ متحدہ کے قائد الطا ف حسین نے عاصمہ جہانگیر کو سویڈن میں ”رائٹ لائیولی ہوڈ“ ایوارڈملنے پر دل کی گرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے ۔ ایک تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا عاصمہ جہانگیر کو ”رائٹ لائیو لی ہوڈ “ ایوارڈ ملنا پاکستانی قوم بالخصوص خواتین کیلئے باعث فخر ہے۔ ملالہ یوسف زئی کو نوبل انعام ملنے کے بعد اب عاصمہ جہانگیر کو رائٹ لائیولی ایوارڈ سے نوازا جانا اس بات کا ثبوت ہے پاکستانی خواتین نہ صرف باشعور اور باصلاحیت ہیں بلکہ پوری دنیا میں اپنے کام کی اہمیت کو منوانے کی انتھک جدوجہد بھی کررہی ہیں۔عاصمہ جہانگیر نے کہا ایوارڈ وصول کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ پاکستان میں عدم برداشت کے خلاف جدوجہد جاری ہے۔ عالمی سطح پر انسانی حقوق کے معاملے پر ابھی تک اتفاق نہیں ہو سکا۔ پاکستان کو بہت سارے چیلنجز درپیش ہیں۔ پاکستان کے عوام چیلنجز سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ میری جان کو کتنے ہی خطرات لاحق ہوں، پاکستان کبھی نہیں چھوڑوں گی۔ پاکستان میں انسانی حقوق کی جدوجہد کیلئے ساتھ دینے والوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔
عاصمہ جہانگیر/ ایوارڈ

ای پیپر-دی نیشن