• news

بھارت : بس میں چھیڑخانی پر 2 بہنوں نے 3 نوجوانوں کی پٹائی کر دی، انعام کا اعلان

ہریانہ (بی بی سی+نیٹ نیوز) بھارتی ریاست ہریانہ کی حکومت نے روہتک میں ایک بس میں چھیڑ چھاڑ کرنے والے تین نوجوانوں کی پٹائی کرنے والی دو بہنوں پوجا اور آرتی کو انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ریاستی حکومت دونوں بہنوں کو یوم جمہوریہ پر ان کی بہادری پر انعام دے گی۔ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹٹر نے ایک بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ ریاست میں خواتین مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ادھر روہتک کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ششانک نے بی بی سی ہندی کو بتایا ہے کہ اس معاملے میں گرفتار تینوں نوجوانوں کو 14 دن کے لئے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے اور پولیس ان کے خلاف چارج شیٹ تیار کر رہی ہے۔پوجا اور آرتی تین نوجوانوں کی بیلٹ سے پٹائی کی۔اس پورے واقعہ کی ویڈیو ایک موبائل فون میں بنا لی گئی تھی جو کہ ٹیلیویژن چینلز پر چلی اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔مرکزی وزیر اوما بھارتی نے اس واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا، ’تمام لڑکیوں کو وہی کرنا چاہئے جو ان دونوں بہنوں نے کیا لیکن دکھ کی بات ہے کہ کوئی بھی مسافر ان کی مدد کے لئے آگے نہیں آیا۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’سماج کو اپنی ذہنیت کو تبدیل کرنا ہوگا اور ایسے واقعات پر محض تماشائی نہیں بنے رہنا چاہئے۔‘

ای پیپر-دی نیشن