• news

عمران کی کال مسترد، 15 دسمبر کو کاروبار بند نہیں کرینگے: تاجر برادری

لاہور + فیصل آباد (کامرس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) کاروباری برادری کی اکثریت نے 15دسمبر کو تحریک انصاف کی ہڑتال کی کال کو مسترد کر دیا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس نے واضح کیا ہے کہ 15 دسمبر کو کاروباری برادری اپنے کاروبار کھلے رکھے گی۔ ایک بیان میں چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز، سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور نائب صدر سید محمود غزنوی نے سیاستدانوں پر زور دیا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے نجی شعبے کی کوششوں کی راہ میں رکاوٹیں حائل نہ کریں۔ شیخ محمد ارشد اور خواجہ خاور رشید نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کے لئے کام کرنا سب کا فرض ہے لہٰذا ایسے اعلانات نہ کئے جائیں جس سے معیشت کی بحالی کیلئے کوششوں کو دھچکا لگے۔ پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین عبدالباسط، آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی لاہور کے صدر میاں طارق فیروز، انجمن تاجران لنڈا بازار کے جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ، انجمن تاجران آٹو پارٹس مارکیٹ کے صدر وقار اے میاں، مسلم لیگ ن تاجر ونگ لاہورکے چیف کوآرڈ نیٹر اور چیئرمین گلبرگ بورڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن وقارحسین، فیاض چوہدری صدر وحدت روڈ بورڈ، ملک عامر آفتاب صدر برکت مارکیٹ بورڈ، حاجی اشفاق صدر اچھرہ بازار بورڈ، مرزا یونس بیگ صدر مین مارکیٹ بورڈ، طارق جاوید صدر پولٹری ایسوسی ایسن، سید عظمت شاہ صدر شاہ عالم مارکیٹ بورڈ نے 15 دسمبرکی ہڑتال کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت معاشی بہتری اور استحکام پیدا کرنے میں درست اقدام کر رہی ہے۔ تاجر برادری حکومت کیساتھ ہے۔ وقارحسین نے مزید کہاکہ اگر 15 دسمبر کو لاہورمیںکسی نے زبردستی دکانیں بند کرانے کی کوشش کی تو انیٹ کا جواب پتھر سے دیا جائیگا۔ تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن چوہدری افتخار بشیر نے کہا ہے پی ٹی آئی کی دھمکیوںسے ملکی معیشت متاثر ہوگی۔ دوسری طرف چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران ایکشن کمیٹی و صدر انجمن تاجران سٹی فیصل آباد نے عمران کی جانب سے شٹر ڈاﺅن کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا تاجر برادری 8 دسمبر کو ہڑتال نہیں کریگی اس دن حسب معمول آٹھوں بازار اور کاروباری مارکیٹیں کھلی رہیںگی اور زبردستی دکانیں بند کرانے کی کسی بھی کوشش کرنے والوں کو بھرپور مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تاجر رہنماﺅں سے بات چیت میں انہوں نے عمران خان سے اپیل کی کہ ملکی حالات کے پیش نظر وہ ہڑتال کی کال واپس لیں کیونکہ کسی بھی قسم کی ہڑتال مسائل کا حل نہیں۔
تاجر/ کال مسترد

ای پیپر-دی نیشن