گوجرانوالہ، منڈی شاہ جیونہ میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری، عوام کا جینا محال ہو گیا
گوجرانوالہ+ منڈی شاہ جیونہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) گوجرانوالہ، منڈی شاہ جیونہ میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری، عوام کا جینا محال ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ اور گردونواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹوں سے تجاوز کرگیا جبکہ کئی علاقوں میں مسلسل چار، چار گھنٹے تک بجلی بند رہنے سے علاقہ مکینوں کا جینا محال ہوگیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں گرجاکھ‘ نوشہرہ روڈ‘ سیٹلائٹ ٹاﺅن‘ وحدت کالونی‘ پسرور روڈ‘ کنگنی والہ‘ ماڈل ٹاﺅن کے علاقوں میں چار گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے بعد دو گھنٹے بجلی آتی ہے جبکہ گردونواح کے علاقوں میں چھ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے بعد دو گھنٹے بجلی مہیا کی جاتی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے گرمیوں میں لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اب سردیوں میں بھی بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی ہے۔ سماجی کارکن آصف ڈار کا کہنا ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی تو ہوئی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے حکومتی ریلیف کو زیرو کرکے رکھ دیا ہے اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ حکومت کے لئے سوالیہ نشان بنا چکا ہے۔ علاوہ ازیں منڈی شاہ جیونہ، شاہ جیونہ اور اس کے دیگر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے سے لیکر 20 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ مسلسل چار، چار گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ اور زیادہ وولٹیج آنے پر صارفین کی قیمتی اشیاءجلنے لگیں، عوام پریشان ہو گئے۔ لوگوں کے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ گھریلو صارفین اور طلباءو طالبات کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسحاق ڈار رابطہ کریں تو مذاکرات شروع ہونے چاہئیں: جسٹس (ر) وجیہہ الدین
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ جو بھی پارٹی حکومت میں ہوتی ہے وہ بڑے بھائی کا کردار ادا کرتی ہے۔ حکومت کو بڑے بھائی کا کردار ادا کرتے ہوئے مذاکرات میں پہل کرنی چاہئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا اگر اسحاق ڈار رابطہ کریں تو مذاکرات شروع ہونے چاہئیں۔ اسحاق ڈار مذاکرات کیلئے مناسب شخص ہیں۔ سراج الحق کو بھی اہم کردار ادا کرناچاہئے۔ اس سے پہلے مذاکرات میں ساڑھے پانچ نکات طے ہوگئے تھے صرف ان کی تفصیلات طے کرنا باقی تھیں۔ عمران خان اور وزیراعظم نوازشریف کی ون آن ون ملاقات بھی ہوسکتی ہے۔ عمران خان کل جوشِ خطابت میں کچھ زیادہ ہی کہہ گئے۔ 16 دسمبر کی تاریخ کا یقین کرنا اتفاقی غلطی تھی۔ عمران کو جب غلطی کا احساس ہوا تو انہوں نے تاریخ تبدیل کردی۔
وجیہہ الدین