بلاول کیوں نہیں آئے؟ سوال کرنے والے کا مائیک بند کردیا گیا
لاہور (اے پی اے)پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب بلاول بھٹو زرداری کے شریک نہ ہونے پر کارکن غصے میں نظر آئے اور جب انہوں نے رہنمائوں سے بلاول بھٹو زرداری کی عدم موجودگی کا سوال کیا تو کارکن کا مائیک بند کر دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب لاہور میں ہوئی جس میں شریک چیئرمین آصف علی زرداری، جہانگیر بدر، راجہ پرویز اشرف، امین اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر رہنماء شریک ہوئے۔ تقریب میں کارکنوں کی جانب سے سوالات پوچھنے پر اصرار کیا گیا تو جہانگیر بدر نے انتہائی پرجوش انداز میں کہا کہ یہ ’’جمہوریت‘‘ ہے اور آپ کو اپنے مسائل بتانے کا حق ہے آپ مائیک لیں اور مسئلہ بیان کریں۔جہانگیر بدر کے کہنے پر مذکورہ کارکن کو مائیک پہنچایا گیا تو اس نے پہلا سوال کر کے وہاں موجود تمام رہنمائوں کو لاجواب کر دیا۔ کارکن نے سوال کیا کہ ’’بلاول بھٹو زرداری عوام میں کیوں نہیں آئے، انہیں عوام میں آنا چاہئے‘‘۔ کارکن کے منہ سے بلاول بھٹو زرداری کی عدم شرکت سے متعلق سوال کا سنتے ہی اس کا مائیک بند کر دیا گیا اور وہاں موجود تمام رہنماء ایک دوسرے کا منہ تکنے لگے۔