• news

طاہر القادری علاج کیلئے آج امریکہ جائینگے‘ کراچی کا جلسہ منسوخ

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری آج بروز بدھ 9بج کر 35 منٹ پر علاج کیلئے امریکہ روانہ ہونگے، ان کے امریکی معالج ڈاکٹر ایم ایم منصور ان کے ہمراہ جائیں گے۔ سربراہ عوامی تحریک ایمریٹس ائیر لائن کی فلائیٹ نمبر EK625 پر براستہ دوبئی ہوسٹن جائیں گے۔ عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کے مطابق سربراہ عوامی تحریک 6بجے سے پہلے لاہور ائر پورٹ پہنچیں گے۔ 5رکنی ڈاکٹرز کے پینل نے گزشتہ روز 10بجے سے دوپہر 2بجے تک ان کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈاکٹرز نے صحت کی صورتحال کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا علاج شروع کرنے میں مزید تاخیر سے پیچیدگیاں پیدا ہونگی۔ ڈاکٹرز کی حتمی رائے آنے کے بعد سربراہ عوامی تحریک کی امریکہ روانگی کے ہنگامی انتظامات کئے گئے۔ خرم نواز کے مطابق امریکہ کے تنظیمی دورہ کے دوران طاہر القادری کو دل کی تکلیف محسوس ہوئی۔ ڈاکٹرز نے انجیو گرافی اور ہسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا مگر طاہر القادری کا موقف تھا میں وعدہ کے مطابق واپس جائونگا تاہم دورہ بھکر کے دوران  انہیں دل کی شدید تکلیف ہوئی اور مسلسل کوشش کے باوجود انکا بلڈ پریشر نارمل نہ ہو سکا۔ عوامی تحریک کے مرکزی رہنما ڈاکٹر حسن محی الدین اور ڈاکٹر حسین محی الدین نے کارکنوں، قوم اور احباب سے ڈاکٹر طاہر القادری کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی درخواست کی۔ عوامی تحریک کے ترجمان نے حکومت کی جانب سے ائر ایمبولینس کی پیشکش کی پھر تردید کی۔ طاہر القادری Ejection Fraction کے مرض میں مبتلا ہیں، وہ علاج مکمل ہونے کے فوری بعد پاکستان آئیں گے۔ یاد رہے نوائے وقت کے سٹاف رپورٹر سید عدنان فاروق نے طاہر القادری کے علاج کیلئے آج امریکہ جانے کی خبر ایک روز پہلے ہی دیدی تھی جو کل نوائے وقت میں شائع ہوئی۔ دسری طرف عوامی تحریک کے ذرائع کے مطابق پچیس دسمبر کو مزار قائد پر ہونے والے جلسہ کو طاہر القادری نے ملتوی کر دیا ہے، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق صدر پیپلز پارٹی پنجاب منظور وٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے طاہر القادری کی عیادت کی جبکہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور سابق صدر پرویز مشرف نے ڈاکٹر طاہر القادری کو ٹیلی فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ الطاف حسین نے کہا مکہ اور مدینہ سمیت دنیا بھر میں کروڑوں افراد آپ کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ اللہ قوم کی رہنمائی، اصلاح اور سلامتی کیلئے آپ کو صحت کاملہ عطا کرے۔ طاہر القادری نے کہا آپ کی دعائیں اور محبتیں میرے لئے سرمایہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن