نادہندہ کو لیڈر بننے کا حق نہیں: اسد عمر، پی ٹی آئی میں 80 فیصد ٹیکس چور ہیں: پرویز رشید
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ ٹیکس نہ دینے والے سیاستدانوں کو لیڈر بننے کا کوئی حق نہیں۔ سیاستدانوں کو اپنے اثاثے ظاہر کرنے چاہئیں جبکہ وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں اسد عمر عمران خان کی بیرونی خدمات واضح کریں۔ عمران دوسرے ممالک کو کونسی خدمات فراہم کرتے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ نواز شریف اپنے بچے لیکر آئیں اور عمران خان اپنے بچوں کے اثاثے اور بزنس لیکر آئیں گے، آڈٹ کرا لیتے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ وہ کونسا لیکچر ہے جو آج تک کسی نے نہیں سنا۔ عمران خان روز ایک ہی لیکچر دیتے ہیں جو ہر رات کنٹنیر سے جھاڑا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا اسد عمر صرف عمران کی بیرونی خدمات کے بارے میں سوال کا جواب دیدیں کہ عمران دوسرے ممالک کو کونسی خدمات فراہم کرتے ہیں۔ پرویز رشید کا کہنا ہے ٹیکس کا راگ الاپنے والی پی ٹی آئی کے 80 فیصد ارکان ٹیکس چور ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ آڈٹ کے بعد پتہ چل جائیگا کہ کس نے کتنا ٹیکس دیا ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ کئی بار ٹیکس گوشواروں کی تحقیقات کیلئے اسمبلی میں گئے لیکن کسی قسم کا کوئی آڈٹ نہیں کیا گیا۔ انکا کہنا تھا کہ عمران خا ن اور انکے بچوں، جہانگیر ترین اور انکے بچوں اورمیرے بچوں سمیت تما م کے گوشواروں کا آڈٹ کروایا جائے سب کچھ سامنے آجائیگا۔ میرے پاس ثبوت موجو د ہیں کہ عمران خا ن نے تمام زرعی ٹیکس ادا کئے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ٹیکس نہ دینے والوں کو سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ دریں اثنا ایک انٹرویو میں پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کا مذاکرات کی طرف آنا ہمارے موقف کی تائید ہے۔ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں دھرنوں سے نہیں مذاکرات سے مسائل حل ہونگے۔دریں اثناء وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کے منصوبے ان کی ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ خان صاحب کو نواز شریف سے حسد کا مرض لاحق ہے جس انسان کو بات کرنے کی تمیز نہیں وہ دوسروں کی کیا رہنمائی کرے گا۔