لاہور سمیت کئی شہروں میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ جاری، نارنگ میں مظاہرہ
لاہور/ نارنگ/ منڈی بہاء الدین/ ٹوبہ (نیوز رپورٹر/ نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک جا پہنچا۔ نارنگ منڈی میں مظاہرہ، لاہور میں سوئی گیس کی بندش سے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا پڑا۔ تفصیل کے مطابق لاہور میں گیس کی بندش کے بعد بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی شدت سے جاری ہے۔ صارفین نے وفاقی حکومت کے دونوں اداروں کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں سوئی ناردرن حکام کی طرف سے گیس کی بندش اور گیس کے پریشر کو بہتر کرنے کیلئے تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ گھریلو صارفین کو صبح اور رات کے وقت گیس کی دستیابی بالکل ختم ہوجاتی ہے، گھریلو خواتین اس صورت حال میں شدید پریشان ہیں۔ شہری کھانے پکانے کی اشیا کے لئے ہوٹلوں کا رُخ کرنے لگے ہیں۔ دوسری طرف لیسکو کی طرف سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ لاہور میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، صارفین نے وزیراعظم سے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گیس کی بندش پر شدید احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ ایسی صورت حال کا فوری نوٹس لیا جائے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نواحی قصبہ سدھانوالی میں دیہاتیوں نے میاں عطا اللہ بخاری کی قیادت میں بجلی کی بندش پر واپڈا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور بتایا کہ مین سپلائی لائن کی تاریں چور کاٹ کر لے جا چکے ہیں اور 20 دیہات کی بجلی 4 روز سے بند ہیں جس کی وجہ سے دیہاتی پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں، مساجد میں وضو کیلئے بھی پانی میسر نہیں، دیہاتی کھالوں اور راجباہوں کا آلودہ پانی پینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ منڈی بہائو الدین سے نامہ نگار کے مطابق محکمہ واپڈا نے منڈی بہائوالدین میں روزانہ کئی کئی گھنٹے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کو اپنا وطیرہ بنا کر شہر میں روزانہ 10 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ شروع کر دی ہے، بجلی کی گھنٹوں لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ محکمہ واپڈاکے نااہل افسران کی غلط منصوبہ بندی کے باعث منڈی بہائوالدین شہر اور گردونواح کے عوام میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردو نواح میں بجلی کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے جبکہ بار بار ٹرپنگ کے باعث لوگوں کا لاکھوں روپے مالیتی الیکٹرونکس سامان جل گیا، موسم سرما کے باعث بجلی کے استعمال میں خاطر خواہ کمی کے باوجود غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر مجلس مفاد عامہ کے صدر عارف جانباز قاضی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی غیراعلانیہ طویل بندش کے باعث جہاں بڑی انڈسٹری بند ہوئی ہے وہاں چھوٹی گھریلو صنعتیں بھی بند ہوگئی ہیں اور لاکھوں مزدور بے روز گار ہوگئے۔