• news

بھارت نے 4 پاکستانی قیدی رہا کردئیے، تشدد سے ذہنی حالت اور صحت خراب

لاہور+ اسلام آباد (خبر نگار+ آن لائن) بھارت نے 4 پاکستانی قیدی گذشتہ ر وز دوپہر واہگہ بارڈر پر پاکستان رینجرز کے حوالے کر دئیے۔ بھارت کی قید سے آنیوالے قیدیوں کی طرح حسب معمول گذشتہ روز آنیوالے قیدیوں کی ذہنی حالت بہتر نہیں تھی اور انکی صحت بھی خراب تھی۔ بھارت نے گذشتہ روز حامد نعمان، محمد عالمگیر، جاوید عالم اور شاہنواز کو پاکستان کے حوالے کیا جو کئی برسوں سے بھارت کی جیلوں میں بھارتی ظلم و ستم برداشت کر رہے تھے۔ مزید برآں آن لائن کے مطابق بھارت میں قید وحشیانہ تشدد سے 30 پاکستانی ذہنی توازن کھو بیٹھے۔ پاکستانی جوڈیشل کمشن کی رپورٹ نے حکام کی آنکھیں کھول دیں۔ بھارتی حکام سے جواب طلبی اور پاکستانیوں کی واپسی کیلئے اقدامات شروع کردیئے گئے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر میں بھارت میں پاکستانی قیدیوں کی صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے 4 رکنی وفد جسٹس (ر) میاں اجمل کی سربراہی میں بھارت گیا۔ وفد کے3 ارکان میں جسٹس ( ر) عبدالقدیر چوہدری، وزارت داخلہ کے افسر زرغان شہزاد اور وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر اقبال احمد شامل تھے۔ وفد نے 25 سے30 اکتوبر تک 3 بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے کیسز کا جائزہ لیا۔ پاکستانی قیدی سنٹرل جیل تہاڑ، امرتسر جیل اور سنٹرل جیل جے پورمیں قید ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی جیلوں میں400 سے زائد پاکستانی پابند سلاسل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن