• news

عابد شیر کی گیپکو ہیڈ کوارٹر میں کھلی کچہری، شکایات پر 3 ایس ڈی اوز، 4 ملازم معطل

گو جرانوالہ (نمائندہ خصو صی )وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان کا پلان اے، بی، سی نالہ لئی میں ڈوب چکا ہے جبکہ مداری شیخ رشید میٹرو کے گڑھے میں دفن ہونے والے ہیں، کسی کو تاجروں اور شہریوں کے ساتھ زبردستی کی اجازت نہیں دی جائے گی غیر آئینی اقدام پر قانون اپنا راستہ خود اختیار کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیپکو ہیڈ کوارٹر میں کھلی کچہری میں صارفین کی شکایات کے ازالہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی بدنامی کا باعث بننے والے کرپٹ اہلکاروں کی محکمہ میں کوئی گنجائش نہیں ایسے ملازمین کے سیٹوں پر تعینات رہنے کا کوئی جواز نہیں جو حکومت کی جانب سے عوام کو دیا جانیوالا ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی سے مہنگائی میں ریکارڈ کمی ہورہی ہے جس کے ثمرات عام آدمی کو پہنچنا شروع ہوگئے ہیں پاکستان کی تاجر برادری مبارک باد کی مستحق ہے جس نے یکجا ہوکر عمران خان کی بیہودہ کال کو بری طرح مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے کان کھول کر سن لیں اگر کسی نے تاجروں کے ساتھ غنڈہ گردی کی کوشش کی تو اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ پی ٹی آئی جس اینٹی پاکستان ایجنڈے پر کام کررہی ہے اسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، عمران خان ترقی کا سفر روک کر پاک چائنہ تعلقات کو کاری ضرب لگانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہروں میںچھ اور دیہات میں آٹھ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، اس دورانیہ کو ہم آنے والے موسم گرما میں بڑھنے نہیں دیں گے موسم گرما سے پہلے پندر ہ سو سے دو ہزار میگا واٹ تک بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی۔ قبل ازیں وزیر مملکت نے صا رفین کی شکا یا ت کے ازالے کیلئے ان کی جانب سے پیش کی جانیوالی درخواستوں پر احکامات جاری کرتے ہو ئے افسران کی سخت سرزنش بھی وزیر مملکت نے اووربلنگ اور کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے کی شکایات پر فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے گیپکو کے تین ایس ڈی اوز، میٹر انسپکٹر اور میٹر ریڈر سمیت 7 اہلکاروں کو معطل کردیا اس موقع پر چیف ایگزیکٹو گیپکو ظہور احمد چوہان ممبران صوبائی اسمبلی عمران خالد بٹ، توفیق بٹ و دیگر بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن