بنگلہ دیش: 71ء کی لڑائی میں ہلاکتوں پر سوال اٹھانیوالا برطانوی صحافی مجرم قرار
ڈھاکہ (بی بی سی+ نیوز ایجنسیاں) بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے برطانوی صحافی کو 1971ء کی بنگلہ دیش کی جنگ میں مرنے والوں کے سرکاری اعداد و شمار پر سوال اٹھانے پر توہینِ عدالت کا مجرم قرار دیا ہے۔ انعام یافتہ برطانوی صحافی ڈیوڈ برگمین نے 1971ء کی بنگلہ دیش کی جنگ آزدی میں ہلاکتوں کی سرکاری تعداد پر اپنے ایک بلاگ میں سوال اٹھایا تھا۔ جنگ میں بنگلہ دیش کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 30 لاکھ افراد مارے گئے تھے جبکہ برگمین کا کہنا تھا کہ اس دعوے کی حمایت میں کوئی شواہد موجود نہیں ہیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ برگمین کے ایک مضمون سے ملک کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ سرکاری وکیل توفیق افروز نے خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ’برگمین توہین عدالت کے مرتکب پائے گئے ہیں اور ان پر پانچ ہزار ٹکا یا 65 ڈالر جرمانہ کیا گیا۔ اگر وہ جرمانہ ادا نہیں کرتے تو سات دن قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انھیں عدالتی کارروائی کے اختتام تک قید کر لیا گیا۔