دفاعی صلاحیت انتہائی مضبوط‘ کسی میں ہماری سرحدو کی طرف دیکھنے کی جرأت نہیں: ایئر چیف
کراچی+ اسلام آباد (اے پی اے+ نوائے وقت رپورٹ) ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا ہے کہ دفاعی صلاحیتیں مضبوط ہیں، کسی کو سرحدوں پر نظر ڈالنے کی ہمت نہیں ہوگی، جلد قوم کو خوشخبری دیں گے۔ ائیرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کراچی میں جاری آٹھویں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2014ء کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز کو دنیا سے جو رسپانس ملا ہے اس کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز مبارک باد کے مستحق ہیں۔ پاکستان کے دفاعی سامان کی لمبی فہرست ہے جو ہم بناتے ہیں اور برآمد کرنے کے قابل ہیں۔ جے ایف تھنڈر طیارے میں بہت سے ممالک دلچسپی رکھتے ہیں۔ ڈرون طیارے بنا اور استعمال کر رہے ہیں ، قوم کو جلد خوشخبری دیں گے۔ ہماری تاریخ کارناموں سے بھری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس سے دوستی بڑھی ہے اسے مزید فروغ ملے گا۔ مزید برآں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ائر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا ہے کہ آئیڈیاز نمائش بہت کامیاب ایونٹ ہے۔ آئیڈیاز نمائش سے ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 60 ہزار بے گناہ شہری شہید ہوئے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 6 ہزار فوجی جوان شہید ہوئے۔ مزید برآں اے ایف پی کے مطابق پاکستان ایرونوٹیکل کمپلیکس کے سربراہ ایئر مارشل جاوید احمد نے منگل کو آئیڈیاز 2014ء نمائش میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ایئر فورس میں ملکی ساختہ 50 جے ایف 17 تھنڈر جیٹ طیارے شامل کرلئے ہیں۔ ایئر مارشل جاوید احمد نے اے ایف پی کو بتایا کہ پاکستان ایئر فورس پہلے بھی 50 ملکی ساختہ لڑاکا طیارے شامل کرچکی ہے اور 50 طیاروں کی دوسری کھیپ رواں ماہ حاصل کرلے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان 2009ء سے چینی کمپنی کے تعاون سے جے ایف 17 لڑاکا طیارے بنا رہا ہے اور یہ طیارے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔ پاکستان ایئرفورس کی ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دریں اثناء آن لائن کے مطابق پاکستان میں نجی کمپنی نے ڈرون اور جیٹ طیاروںکو 100فیصد کامیابی کے ساتھ مار گرانے والا انتہائی کم قیمت ائیر ویپن سیمولیٹر متعارف کر ادیا۔ پاکستان کے دفاعی ادارے اس سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ تنزانیہ ،نائیجیریا اور سوڈان نے آئیڈیاز2014ء کے دوران خصوصی دلچسپی کا اظہار بھی کیا ہے ۔ دفاعی سازو سامان کی عالمی نمائش آئیڈیاز2014 میںپاکستان کے نجی شعبے میں ائیر ویپن سیمولیٹر تیار کرنیوالے ادارے سوفٹ انویٹوسسٹم کے انتظامی ذمہ داروں نے نمائش کے دوسرے روز بتایا کہ ائیر ویپن سیمولیٹر کے ذریعے صرف10سیکنڈ میں ہدف کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ بیرون ممالک میں ائیر ویپن سیمولیٹر کی قیمت0.5ملین ڈالر سے1ملین ڈالر تک ہے جبکہ پاکستان میں اس آلے کی لاگت صرف0.1ملین ڈالر سے 0.2 ملین ڈالر ہے اور یہ ائیر ویپن سیمولیٹرعالمی معیار کے مطابق ہے۔