اگلے ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جا رہی ہے: حمزہ شہباز
لاہور (پ ر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے پوری حکومتی مشینری کو متحرک کر دیا ہے۔ تمام متعلقہ محکمے ایسا میکنیزم بنائیں جس سے ٹرانسپورٹ کے کرائے اور اشیاء ضروریہ کی قیمتیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تناسب سے سستی ہو سکیں تاکہ عوام کو مہنگائی سے فوری ریلیف ملے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیرکرنل (ر) شجاع خانزادہ، بلال یاسین، رانا ثناء اللہ اور خواجہ حسان احمد سمیت مختلف محکموں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ، محنت و انسانی وسائل، زرعی مارکیٹنگ و دیگر کی طرف سے کرایوں، پٹرول کی سپلائی اور معیار وقیمت اور پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میںکمی یقینی بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔ حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ اگلے ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںمزید کمی جارہی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے میںعوام سے جو وعدے کئے تھے پٹرولیم مصنوعات میںکمی کے نتیجے میں مہنگائی کم کرکے ان وعدوں کی تکمیل کی جارہی ہے۔ پچھلے دس سال میںپہلی دفعہ پاکستان میںافراط زر کی شرح میںکمی کا رجحان دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے عالمی منڈی میںتیل کی قیمتوںمیں کمی کے ثمرات ابھی تک اپنے عوام کو منتقل نہیںکیے جبکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے یہ اقدام فوری طور پر کردیا ہے۔ حمزہ شہبازشریف نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پٹرول پمپوں پر صارفین کیلئے شکایت باکسز اور ہلپ لائن نمبر نمایاں آویزاں کرائیں تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںکمی کے حکومتی اعلان پر عمل کرنے میں پس و پیش کرنے والے پٹرول پمپ مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے محکمہ زرعی مارکیٹنگ کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ جامع منصوبہ بندی کریں۔ عوام کو روز مرہ استعمال کی اشیاء کے نرخوں میں کمی کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے میڈیا کا بھی موثر استعمال کیاجائے۔