پاکستانی سرزمین سے دہشت گردی کے پھیلائو پر عالمی تشویش بدستور قائم ہے: بھارت
نئی دہلی (آن لائن) بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ کیرن رابنجو نے پاکستان پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشتگردی کے پھیلائو پر عالمی تشویش بدستور قائم ہے، بھارت کے ہمسائیہ ممالک کو اپنی سرزمین بھارت کیخلاف دہشتگردی کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی لوک سبھا میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی خود مختاری کے تحفظ اور عوام کی حفاظت اور سکیورٹی کے لیے تمام اقدامات کررہی ہے۔ بھارت امریکہ دہشتگردی کے مسئلے پر کوئی معاہدہ نہیں کررہے تاہم وزیراعظم نے دورہ امریکہ کے دوران امریکی صدر کے ساتھ مشترکہ بیان میں اس کا اعادہ کیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ 1963ء کے پاک چین خود ساختہ سرحدی معاہدے کے تحت پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے میں 5180 مربع کلو میٹر رقبے پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین بھارت سرحد پر دونوں ممالک کے مابین کوئی ایل اے سی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش، میانمر اور بھوٹان کا کسی علاقے پر غیر قانونی قبضہ نہیں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش بھارت سرحد پر کچھ ایسی پکٹس ہیں جو ایک دوسرے کے علاقے میں واقع ہیں۔