• news

قومی اسمبلی اجلاس‘ پرائیویٹ ممبرز ڈے میں ارکان کی عدم دلچسپی

قومی اسمبلی میں منگل کو پرائیویٹ ممبرز ڈے تھا لیکن 16ویں سیشن کی چوتھی نشست بھی ارکان قومی اسمبلی کی عدم دلچسپی کا شکار رہی ،ایوان میں کسی مرحلے پر کورم پورا نہیں تھا۔ بیشتر ارکان گپ شپ لگا کر چلے جاتے ہیں‘ وزراء کی اکثریت بھی ایوان سے غائب رہتی ہے۔ پرائیویٹ ممبرز ڈے کا 25 نکات پر مشتمل طویل ایجنڈا تھا لیکن بیشتر ارکان ایوان میں موجود نہیں تھے۔ جب سے پیپلزپارٹی نے’’ فرینڈلی اپوزیشن‘‘ کا کردار ادا کرنا شروع کیا ہے‘ اس نے کورم کی نشاندہی کرنا چھوڑ دی ہے۔ قائد ایوان محمد نواز شریف برطانیہ کے دورے پر چلے گئے ہیں۔جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، یورپ کے 10روزہ دورے پر چلے گئے ہیں۔ پشتون ملی عوامی پارٹی کے عبدافتخار خان نے کہا کہ عبدالصمد خان نے جمہوریت کی خاطر قربانیاں دی ہیں جس کی بدولت ملک میں جمہوریت ہے، جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ خان نے کہا کہ ایوان میں ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے بحث کرائی جائے۔ انہوں نے دعائے مغفرت میں احتجاجاً حصہ نہیں لیا اور کہا کہ یہ ایوان صرف دعائوں کیلئے نہیں ہے ہمیں ملک میں امن وامان کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن