جسٹس سردار رضا، جسٹس (ر) طارق پرویز جسٹس (ر) تنویر احمد کا تعارف
اسلام آباد (بی بی سی) جسٹس سردار رضا خان اس وقت فیڈرل شریعت کورٹ کے چیف جسٹس کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں جبکہ اس سے پہلے وہ سپریم کورٹ کے جج بھی رہ چکے ہیں۔ جسٹس سردار رضا خان پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے ہیں۔ وہ سپریم کورٹ کے ان ججوں میں شامل تھے جنہیں مشرف نے تین نومبر 2007ءمیں ملک میں ایمرجنسی کے دوران گھروں میں نظر بند کر دیا تھا تاہم انہوں نے سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر کے دور میں دوبارہ اپے عہدے کا حلف اٹھا لیا تھا۔ جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز بھی پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہ چکے ہیں جنہیں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بحالی کے بعد سپریم کورٹ میں لے کر آئے تھے۔ جسٹس طارق پرویز بھی اعلیٰ عدلیہ کے ان ججوں میں شامل تھے جنہیں مشرف کے دور میں نوکریوں سے فارغ کرکے گھروں میں نظر بند کر دیا گیا تھا۔ تاہم انہوں نے بھی افتخار محمد چوہدری کی بحالی سے پہلے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا تھا۔ جسٹس ریٹائرڈ تنویر احمد خان پرویز مشرف کے دور میں 2000سے 2004 تک سپریم کورٹ کے جج رہے وہ 2004 سے 2007 تک نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن کے سربراہ بھی رہے ہےں۔ وہ 2008 سے 2013 تک پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل رہے۔
تعارف