ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا مقابلہ آج ہو گا، نیوزی لینڈ خطرناک ٹیم، کھلاڑیوں کو کارکردگی دکھانا ہو گی: شاہد آفریدی
دبئی (سپورٹس ڈیسک )پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کاپہلا میچ آج کھیلا جائے گا ۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوگا۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گزشتہ روز پریکٹس کی ۔ہیڈ کوچ وقار یونس ‘سپن بائولنگ کوچ مشتاق احمد‘بیٹنگ کو چ گرانٹ فلاور اور فیلڈنگ کوچ گرانٹ لوڈنے کھلاڑیوںکو پریکٹس کرائی اور فزیکل فٹنس پر زوردیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور سٹار آل رائونڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی خطرناک ٹیم ہے، برینڈن میک کولم کی غیر موجودگی میں بھی اسے آسان حریف تصور کرنے کی غلطی نہیں کریں گے، سیریز میں کامیابی کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی کی بہترین ٹیم ہے اسے سیریز میں زیر کرنے کیلئے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ برینڈن میکولم، ٹم سائوتھی اور ٹرینٹ بولٹ کے بغیر بھی اس کے پاس با صلاحیت کھلاڑی موجود ہیں اسلئے ہم اسے آسان تصور کرنے کی غلطی نہیں کریں گے۔ عمر گل کی ٹیم میں واپسی کے بعد ہماری بائولنگ مزید مضبوط ہو گئی ہے، امید ہے کہ وہ جاندار کم بیک کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ بائولنگ اور بیٹنگ بھی متوازن ہے میچ جیت کر برتری حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ۔