ریاستی انتخابات ڈھونگ، بھارت کشمیریوں کو غلام بنا کر رکھنے کا خواب چھوڑ دے: فضل الرحمن خلیل
اسلام آباد (صباح نیوز) انصارالامہ پاکستان کے امیر مولانا فضل الرحمن خلیل نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کرائے جانے والے انتخابات کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد وادی میں اپنی من پسند کٹھ پتلی حکومت لانا ہے جس سے کشمیری عوام کو کوئی سروکار نہیں اور نہ ہی ایسی حکومت کشمیریوں کے جذبہ آزادی اور حق خودارادیت کی تحریک کو دبا سکتی ہے، مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں اور عالمی معاہدوں کی روشنی میں ہی ممکن ہے نام نہاد ریاستی انتخابات مسئلے کا حل نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں شروع کرائے گئے نام نہاد ریاستی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہا کہ کشمیر پر جبری تسلط اور ظلم و ستم سے کشمیریوں کو غلام بنا کر نہیں رکھا جاسکتا اور نہ ہی اس روش سے بھارت کا خطے کا تھانیدار بننے کا خواب پورا ہوگا۔