پشاور: ’’گو نواز گو‘‘ کا نعرہ لگانے پر فائرنگ، طالب علم زخمی
پشاور (آن لائن) گورنمنٹ کالج پشاور میں 'گو نوازگو' کانعرہ لگانے پر دو گروہوں میں تصادم کے دوران فائرنگ سے ایک طالب علم زخمی ہو گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق زخمی طالب علم بلال خان نے پولیس کو بتایا کہ طارق، آصف اور ریاض نے ان پرپستول سے فائرنگ کی۔ ایک پولیس افسر کے مطابق زخمی طالب علم مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف ) جبکہ مبینہ ملزمان پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن(پی کے ایس ایف ) کے کارکن ہیں۔پولیس کے مطابق طالب علموں کے درمیان تلخ کلامی مسلح جھڑپ میں بدل گئی، تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔زخمی طالب علم کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعہ کے بعد ایم ایس ایف کے کارکنوں نے پشاور پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا۔ انہوں نے شیر شاہ سوری روڈ پر ٹائر جلائے اور پی کے ایس ایف اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے صحافیوں کو بتایا کہ ایم ایس ایف کا ایک گروپ گورنمنٹ کالج چوک سے گزر رہا تھا جب پی کے ایس ایف کے کارکنوں نے 'گو نواز گو' کے نعرے لگانے شروع کر دیئے۔ جس پر دونوں جانب سے تلخ کلامی کے بعد مسلح تصادم ہو گیا۔ایم ایس ایف پشاور کے صدر مصور شاہ نے بتایا کہ ہمارے ساتھیوں نے پی کے ایس ایف کارکنوں کونعرہ بازی سے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہ رکے بلکہ فائرنگ شروع کر دی۔