پاکستان بھارت مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں، تجارت بڑھنے سے رابطوں میں بھی اضافہ ہو گا: امریکہ
واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ نے پاکستان بھارت مذاکرات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں لیکن سکیورٹی مسائل پر بات چیت کیلئے رفتار اور گنجائش کا فیصلہ دونوںممالک نے کرنا ہے ،پاکستان، بھارت تجارت میں اضافے سے اقتصادی بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبے میں بے پناہ ترقی ہوسکتی ہے جس سے دونوںممالک کی حکومتوں کے درمیان رابطے بڑھانے میں مدد ملے گی ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت کیلئے نامزد امریکی سفیر رچرڈ ورما نے سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے ارکان کو بتایا کہ امریکہ پاکستان اوربھارت کے درمیان مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے بالاآخر سکیورٹی معاملات پر بات چیت دونوں ممالک کے حکام نے ہی کرنی ہے ۔پاکستان بھارت تعلقات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ جب پاکستانی وزیراعظم نواز شریف بھارتی ہم منصب کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے بھارت گئے تھے اچھی امید پیدا ہوئی تھی ۔لیکن پھر بھی سکیورٹی مسائل پر بات چیت کے حوالے سے رفتار،کردار اور گنجائش کے بارے میں دونوں ممالک نے ہی طے کرنا ہے ۔ورما نے کہاکہ علاقائی روابط سے جنوبی ایشیا میں لوگوں کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اس وقت تجارت تین ارب ڈالر ہے جس میں بہت زیادہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔