سندھ حکومت پولیس، محکمہ صحت میں کراچی، حیدر آباد کے جوانوں کو ملازمت فراہم نہیں کر رہی: وسیم اختر
کراچی (نوائے وقت نیوز) ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صحت، پولیس اور دیگر محکموں میں کراچی کے شہریوں کو نوکریاں فراہم کرنے سے گریز کر رہی ہے۔ صوبے کے وزیراعلیٰ ہر جگہ پر میرٹ کا رانگ الاپتے ہیں گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں بیڈ گورننس کی تمام حدیں پار ہو گئی ہیں۔ پولیس کی بھرتیوں کیلئے جنہوں نے تمام تقاضے پورے کئے، انہیں بھی نوکری نہیں ملی۔ افسوس کہ چور، ڈاکوؤں کو بھرتی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کو تقرر نامے نہیں ملتے۔ سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس سمیت صوبے بھر کے تمام اداروں میں کی جانیوالی بھرتیاں میرٹ کی بنیادوں پر کی جارہی ہیں اور اس میں کسی قسم کی کوئی سیاسی یا سفارشی کلچر کی کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ صوبے کے تمام معاملات کو بہتر انداز میں چلا رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کی جانب سے سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ سندھ پر لگائے جانے والے تمام الزامات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ میرٹ کی دھجیاں تو سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں اڑائی گئیں اور انکے ہی دور حکومت میں سفارشی اور سیاسی طکلچر کو فروغ دیا گیا۔