مذاکرات کے بارے میں جلد مثبت جواب دینگے‘ پی ٹی آئی کے بعض رہنما رات کو ملنے آتے ہیں : نثار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت تحریک انصاف سے مذاکرات کے بارے میں جلد مثبت جواب دے گی، تحریک انصاف کے بعض رہنما عمران خان کو خوش کرنے کےلئے ضمیر کے منافی بیانات دیتے ہیں، رات گئے مجھ سے ملاقاتیں کر کے ان باتوں کی نفی کرتے ہیں، ایسی منافقت سے کونسا انقلاب آئے گا۔ سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت تحریک انصاف سے مذاکرات کا مثبت جواب دے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال کے تناظر میں تحریک انصاف کی بے بسی پر ترس آ رہا ہے، جو لوگ عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے ہو کر غضب کے تیر چلاتے ہیں ان میں سے کئی سرکردہ رہنما پنجاب ہاﺅس میں آ کر حکومتی رہنماﺅں سے وضاحتیں کرتے ہیں، ان کی جماعت کے رہنماﺅں کا کیا کہا جائے وہ اپنے ضمیر کی نفی کرتے اور تند و تیز تقریریں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے کے ایک سرکردہ رہنما شام کو اپنی ہی زبان سے آگ کے گولے برساتے تھے رات کو میرے ساتھ ملاقاتیں کرتے تھے ایسی منافقت سے کونسا انقلاب آئے گا۔ عمران خان اگر چاہیں تو ملاقاتوں کی تفصیل کا ریکارڈ دینے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تحریک انصاف سے مذاکرات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مذاکرات کیلئے خواہش کا اظہار دوسری طرف سے ہوا ہے۔ تحریک انصاف سے مذاکرات سے متعلق مثبت جواب دیں گے۔ عمران خان کے ساتھ غیظ و غضب کے تیر چلانے والے بعد میں پنجاب ہاﺅس آ کر وضاحتیں دیتے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلی خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ چودھری نثارعلی سے 14 اگست کے بعد سے کوئی ملاقات ہی نہیں ہوئی۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سے جو بات منسوب کی ہے اس میں کوئی صداقت نہیں۔ خیبر پی کے میں آئندہ برس اپریل میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے، یہ انتخابات ملک کے دیگر صوبوں سے مختلف ہوں گے۔
نثار