• news

ٹینس کو گراس روٹ لیول پر پرموٹ کریں گے : سلیم سیف اللہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نومنتخب صدر سینیٹر سلیم سیف اللہ کا کہنا ہے کہ اولین ترجیح ملک میں ٹینس کے کھیل کو گراس روٹ لیول پر پرموٹ کرنا ہے۔ کویت کیخلاف ڈیوس کپ پہلا امتحان ہے جس کی تیاری کیلئے جنوری میں کیمپ لگا دیا جائیگا۔ قومی کھلاڑیوں کے کھیل کا معیار بڑھانے کیلئے غیرملکی کوچز کی بھی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے صدر پی ٹی ایف کا کہنا تھا کہ پیسے کے بغیر کوئی کھیل ممکن نہیں ہوتا‘ ہم کوشش کریں گے کہ اس حوالے سے کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ حکومت کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ اداروں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ ماضی میں کھیلوں کی تنظیموں میں باہمی اختلافات بہت زیادہ تھے‘ ہم اس کھیل کی ترقی کیلئے تمام افراد کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ غیرملکی کھلاڑی اور ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار نہیں جس کی بناء پر ہمارا نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آ رہا۔ ہم کوشش کریں گے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل ٹینس کی سرگرمیاں بحال ہوں۔ غیرملکی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرکے پاکستان لایا جائے گا۔ اعصام الحق اور عقیل خان پاکستان کے نمبر ون کھلاڑی ہیں‘ ہمیں جلد سے جلد ان کے متبادل کھلاڑی تیار کرنا ہونگے۔نئے کھلاڑیوں کو سامنے لانے کیلئے ٹورنامنٹس کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ سکول اور کالج کی سطح پر اس کے مقابلوں کا آغاز کرایا جائے گا۔ فیڈریشن کی مالی حالت اچھی نہیں اسے بہتر کرنے کیلئے فنڈ ریزنگ کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن