ڈیف کرکٹ: پاکستان نے بھارت کو ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دیدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ڈیف ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ پاکستان ڈیف ٹیم ان دنوں بھارت کے دورہ پر ہے جہاں گذشتہ روز پہلا میچ کھیلا گیا جس میں میزبان بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 68 رنز بنائے۔ شیونارائن نے 22، اندر جیت یادیو نے 18 نمایاں رنز بنائے۔ پاکستان ڈیف ٹیم کی جانب سے نعیم ارشد نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ پاکستان ڈیف ٹیم کو جیت کے لیے 69 رنز کا ہدف ملا جو پاکستان ٹیم نے 11 ویں اوور میں صرف 4 وکٹوں پر 70 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔ نوید قمر نے 21 اور کپتان ذکا احمد نے 18 رنز بنائے۔ نوید قمر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان نے بھارت کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔