پیپلز پارٹی صوبائی ایگزیکٹو کے اجلاس میں بھی منظور وٹو کو تنقید کا سامنا
لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو کو پیپلز پارٹی کی صوبائی ایگزیکٹو کے اجلاس میں ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بننا پڑا اس دفعہ یہ تنقید اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر اشرف خان سوہنا نے کی پیپلز پارٹی صوبائی ایگزیکٹو کے اجلاس میں اشرف خان سوہنا نے میاں منظور احمد وٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ساری عمر ہماری مخالفت کی اور ہمارے مخالف سیاست کی اب انہیں پنجاب کا صدر بنا دیا گیا ہے اور انہوں نے ضلع میں اپنے عزیزو اقارب کو پارٹی عہدوں سے نوازا ہوا ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما اشرف سوہنا نے پارٹی قیادت پر تنقید اور بلاول بھٹو کے لاہور نہ آنے کا شکوہ کرتے ہوئے آصف زرداری سے کہا ’’آپ نے میرے بلاول کو مجھ سے اور دیگر پارٹی ورکرز سے کیوں دور کر دیا۔ آپ انہیں یہاں کیوں نہیں لائے۔ ہم سے کیوں دور رکھا ہوا ہے۔ ہم ورکرز کا کیا قصور ہے۔ یہ ورکرز سے زیادتی ہے کہ وہ بینظیر بھٹو کے بیٹے سے دور ہیں‘‘ انہوں نے آصف زرداری کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ نے جو طرز سیاست اپنایا پیپلزپارٹی کی روایت نہیں ہے۔ یہ جیالوں کی خواہشات کے منافی ہے۔