• news

آئیڈیاز 2014ء انتہائی کامیاب رہی، دوررس نتائج حاصل ہونگے: رانا تنویر

اسلام آباد + کراچی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وزیرمملکت برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان دفاعی خود انحصاری کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ دفاعی نمائش میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے ایف 17 طیاروں کی فروخت کیلئے مختلف ملکوں سے بات چیت جاری ہے۔ چین کے ساتھ آبدوزوں کی مشترکہ تیاری کا معاہدہ جلد متوقع ہے۔ آئیڈیاز 2014ء انتہائی کامیاب رہی، دوررس نتائج حاصل ہوں گے۔ تربیتی جنگی طیارہ سپر مشاق پاکستان کی بہترین پراڈکٹ ہے۔ مالدیپ کے ساتھ سپر مشاق طیاروں کا معاہدہ ہوگیا ہے۔ دیگر ملکوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ روس سے ایم آئی 35 طیارے کی خریداری کیلئے بات چیت جاری ہے۔ ایم آئی 35 طیاروںکی خریداری کا معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔ مزید برآں این این آئی کے مطابق کراچی ایکسپو سنٹر میں 8ویں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2014 میں ترکی کمپنی ہیلسن نے الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم بھی ڈسپلے کیا جو بائیو میٹرک سسٹم سے منسلک ہے جس سے شفاف انتخابات یقینی بنائے جاسکتے ہیں۔ اس ضمن میں کمپنی نمائندوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے تحت ترکی میں آئندہ انتخابات کرائے جائیں گے۔ ترکی کے نمائندے صادق یامک نے بتایا کہ اس سسٹم کے تحت پاکستان میں بھی شفاف انتخابات کرائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کے تحت ایک ووٹ کاسٹ کرنے میں 5سیکنڈ لگتے ہیں جس میں دوبارہ ووٹ کاسٹ کرنا ممکن نہیں ہے۔ نمائش کے آخری دن گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بھی ترکی کمپنی ہیلسن کے سٹالز کا دورہ کیا۔ علاوہ ازیں آئیڈیاز کے دوران پاکستان آرڈننس فیکٹری کی تیار کردہ سنائپر گن غیر ملکیوں کی توجہ کا مرکز بن گئی، نمائش کے دوران گزشتہ روز پیش کی جانیوالی پاکستان آرمی کی تیار کردہ 4 کلوگرام وزنی گن 4کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنا سکتی ہے، اس گن میں لیزر نصب کئے گئے ہیں جس کے سبب 800 میٹر تک کے فاصلے پر موجود ہدف کو نشانہ بنانے میں غلطی کی گنجائش موجود نہیں ہے۔ غیر ملکی مبصرین کی جانب سے سنائپر گن کی خریداری میں خصوصی دلچسپی کا اظہارکیا جا رہا ہے۔ آرڈیننس فیکٹری کے حکام نے گن کی تیاری کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن