کوئٹہ‘ تربت‘ گوادر: سکیورٹی فورسز پر دو بم حملے‘ فائرنگ‘ 3 افراد جاں بحق‘ بچوں سمیت 13 زخمی
کوئٹہ +گوادر (بیورورپورٹ+ ایجنسیاں) کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز پر بم حملے میں ایک شخص جاں بحق، دو بچوں سمیت 13افراد زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ تربت میں فوجی قافلے پر بم حملہ کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ گوادر میں فائرنگ سے نجی سکول کا پرنسپل جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن سے متصل سرکی روڈ پر واقع مصطفی مارکیٹ کے قریب ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ہسپتال ذرائع کے مطابق 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آوار دور تک سنی گئی اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ متعدد گاڑیاں اور دکانیں تباہ ہو گئیں۔ سیکرٹری داخلہ اکبر درانی نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد ایک گاڑی میں نصب کیا گیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اڑایا گیا۔ سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جب کہ بم ڈسپوزل سکواڈ نے کہاکہ دھماکے میں 30 سے 40 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ پولیس اور ایف سی نے علاقے کا محاصرہ کر کے تخریب کاروں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سکول وین بھی دھماکے کی زد میں آ گئی جو بچوں کو لے کر سکول جا رہی تھی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سازش کے تحت بلوچستان کے حالات کو خراب کیا جا رہا ہے۔ دھماکے کی تحقیقات کر کے ملزمان کی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائیگی۔ دوسری جانب سریاب روڈ کلی شاہنواز کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ساٹھ سالہ ضیعف العمر شخص عارف شاہ کو نشا نہ بنایا جو گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا اس کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ ادھر تربت میں سکیورٹی فورسز کے کانوائے کے قریب دھماکہ ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق تربت کے نواحی علاقے سنگانی سر مین فرنٹئیرکور کا کانوائے اپنی معمول کی گشت پر تھا جونہی کانوائے اپنے کیمپ کے نزدیک پہنچا تو نا معلو م افراد کی جانب سے سڑک کنارے نصب کیا گیا۔ بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ گوادر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نجی سکول کا پرنسپل جاں بحق ہو گیا۔