مقبوضہ کشمیر: انتخابی ڈرامے کے بعد حالات کشیدہ‘ حملے‘ جھڑپ میں افسر سمیت 3 بھارتی فوجی ہلاک‘ مجاہد شہید
سرینگر/ پلوامہ/ کپواڑہ/ چھتیس گڑھ (اے این این+کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں الیکشن ڈرامے کے بعد کشیدگی میں اضافہ،مجاہدین کے حملوں میں فوجی افسر سمیت3اہلکار ہلاک،11زخمی،فوجی کارروائی میں ایک مجاہد کو شہید کرنے کا دعویٰ ۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں الیکشن ڈرامے کے دوسرے مرحلے کے اختتام کے بعد وادی میں ایک بار پھر حالات کشید ہ ہیں اور بھارتی فوج پر مجاہدین کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ روز پلوامہ قصبہ سے تقریبا 6کلومیٹر دورپاہو نامی گائوں میںنامعلوم افراد نے سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ گشتی پارٹی پر گرنیڈ پھینکا جو زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ پولیس کے مطابق مجاہدین نے گرنیڈ پھینکنے کے بعد فائرنگ بھی کی، جس کے نتیجے میںسی آر پی ایف اسسٹنٹ سب انسپکٹر شمشیر سنگھ اور دو اہلکار موقع پر ہی ہلاک جبکہ مزید تین فورسز اہلکاروں سمیت 7زخمی ہوئے جن میں دو راہگیر بھی شامل ہیں۔ ادھر کپواڑہ کے علاقے توت مارگلی میں بھی مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں فوج کے چار اہلکار زخمی ہوئے جبکہ فوج نے ایک مجاہد کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری جانب چیئرمین حریت کانفرنس گ سید علی گیلانی نے سرینگر اور بارہمولہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے سیلاب سے متاثرہ 50 خاندانوں میں دس، دس ہزار روپے کی چیک اور دیگر اشیا پر پر مشتمل پیکٹس تقسیم کئے۔ اس موقعہ پر گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب سیلاب نے ریاست کے عوام کی کمر توڑ رکھی تھی، لاکھوں بے گھر ہوئے تھے۔ ایسے موقع پر لوگوں کو راحت پہنچانے کے بجائے الیکشن کا بگل بجانا کسی بھی طور مناسب نہیں تھا، مگر اقتدار پرست بھارت نواز سیاست دانوں کو لوگوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے اقتدار کے سنگھاسن پر بیٹھنے کی فکر اول وآخر دامن گیر تھی۔ دختران ملت سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی نے 8 دسمبر کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی کشمیر آمد پرمکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے ۔ آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ اس دن مظلوم کشمیری عوام مودی کی اسلام اور مسلمان دشمن پالیسیوں کیخلاف احتجاج کریں۔