شرعی عدالت کے چیف جسٹس سردار رضا مستعفی آج چیف الیکشن کمشنر کا حلف اٹھائینگے
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ آئی این پی) جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان آج بطور چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک اُن سے حلف لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ بلڈنگ میں آج سہ پہر ایک بجے منعقد ہو گی۔ اُن کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جو رجسٹرار سپریم کورٹ کو موصول ہو چکا ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز، افسران، اٹارنی جنرل، وکلا، بارکونسلز کے رہنما بھی شریک ہوں گئے۔ مزید برآں آئی این پی کے مطابق جسٹس سردار رضا خان نے چیف الیکشن کمشنر نامزد ہونے کے بعد وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ منظوری کیلئے صدر ممنون حسین کو بھیج کر شرعی عدالت کے تمام جج صاحبان سے الوداعی ملاقاتیں کیں۔
چیف الیکشن کمشنر