عمران نیازی جیسی زبان استعمال کرتا ہے اسے ویسا ہی جواب ملے گا: زرداری
لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف زرداری نے پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے عہدیداروں کے اعزاز میں گزشتہ روز بلاول ہائوس میں عشائیہ دیا۔ قبل ازیں انہوں نے ان رہنمائوں کے ساتھ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال بالخصوص جنوبی پنجاب میں سیاسی معاملات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں سید یوسف رضا گیلانی، مخدوم شہاب الدین، سردار شہاب الدین ایم پی اے، شوکت بسرا، مخدوم سید احمد محمود، حیدر زمان قریشی و دیگر نے شرکت کی۔ مزید برآں بلاول ہائوس لاہور میں سابق صدر آصف زرداری کی زیرصدارت پیپلز پارٹی کسان ونگ کا اجلاس ہوا۔ صدر نواب وسیر وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ اجلاس میں کسان اتحاد کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ زرعی ماہرین اور عام کاشتکاروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں عام کسان اور زرعی شعبے کی مشکلات کے حل پر غور کیا گیا۔ دریں اثناء این این آئی کے مطابق سابق صدر و پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کسان ونگ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ حکومت کو کسانوں کے مفاد کو مد نظر رکھ کر ایسی پالیسیاں بنانا ہوں گی جس سے کسانوں اور صنعتکاروں کو فائدہ ہو۔ پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور حکومت میں ہمیشہ کسانوں کے بارے میں سوچا، کسان، ہاری اور مزدور کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے اور پیپلز پارٹی انکی خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان میں کوآپریٹو فارمنگ کی اشد ضرورت ہے کیونکہ پاکستان میں زیادہ تر کسانوں کی لینڈ ہولڈنگ بہت کم ہے اسلئے کوآپریٹو فارمنگ چھوٹے کسانوں کے معاشی مفادات کو محفوظ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ زراعت میں شمسی توانائی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے اس ضمن میں اقدامات کئے ہیں اور سندھ بینک اسکو عملی جامہ پہنانے کیلئے مالی اور فنی امداد کررہا ہے۔ تھر میں ٹیوب ویلز کو سولر زپر منتقل کیا جا رہا ہے اور سندھ کے تمام کسانوں کو بغیر سود کے سولر پینل دئیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ضرورت سے زائد فصل بارٹر سسٹم کے تحت دیگر ممالک کو ایکسپورٹ کی جانی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی کاٹن پالیسی کی وجہ سے پاکستان کی ٹیکسٹائل کی برآمدات 9 ارب ڈالر سے بڑھ کر 14 ارب ڈالر ہوگئی تھیں۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے عہدیداروں کا آصف زرداری کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران نیازی جیسی زبان استعمال کرتا ہے ویسا ہی اسے جواب ملے گا۔ عمران نیازی کنٹینر پر بیٹھا جارحانہ زبان استعمال کرتا ہے، بعض لوگوں کی ظاہری جیت بعد انکی ہار بن جاتی ہے۔ ابھی ہمیں بڑے جلسے کرنے کی ضرورت نہیں، جمہوریت کی حمایت دراصل ہماری اپنی حمایت ہے، جمہوریت رہے گی تو سیاست بھی رہے گی، جنوبی پنجاب کے ہر ضلع میں پارٹی کنونشن کروں گا ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب کو 125ارب روپے کا تاریخی پیکیج دیا تھا۔