ججز نظربندی کیس: مشرف کو 23 ویں مرتبہ حاضری سے استثنیٰ، 19 دسمبر کو پیش ہونے کا حکم
اسلام آباد (نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ججز نظر بندی کیس میں ملزم پرویز مشرف کو 23 ویں مرتبہ ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے 19 دسمبر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ گزشتہ روز انسداد دہشت گرد ی کی خصوصی عدالت کے جج سیدکوثر عباس زیدی نے ججز نظربندی کیس کی سماعت کی۔ سماعت شروع ہوئی تو ملزم پرویز مشرف عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوا، کیس میں سپیشل پراسیکوٹر عامر ندیم تابش عدالت میں موجود تھے۔ ملزم کے کونسل الیاس صدیقی کے جونئیر راجہ جمیل عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ الیاس صدیقی سپریم کورٹ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کی سماعت ملتوی کی جائے، عدالت نے ملزم پرویز مشرف کی آج حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی اور آئندہ سماعت پر ملزم کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ مقدمے کی مزید سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔