• news

کوئٹہ: پشین کے علاقے سے تین نامعلوم افراد کی گولیوں سے چھلنی نعشیں برآمد

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ بی بی سی ) پشین کے علاقے سے لیویز نے 3 نامعلوم افراد کی گولیوں سے چھلنی نعشیں قبضے میں لے لیں۔ لیویز حکام کے مطابق جمعہ کی شام خفیہ اطلاع ملی تھی کلی مسترزئی میں 3 نامعلوم افراد کی نعشیں پڑی ہوئی ہیں۔ لیویزنے موقع پر پہنچ کر نعشیں قبضے میں لیکرہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد شناخت کیلئے ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھ دیں۔ تینوں افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا ہے۔ دوسری طرف محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں سے 14 نومبر تک 144 افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ یہ نعشیں چھ ڈویژنوں کے مختلف علاقوں سے برآمد ہوئیں، سب سے زیادہ نعشیں کوئٹہ ڈویژن سے ملیں جن کی تعداد 67 ہے۔ واضح 14 نومبر کے بعد بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں سے بعض افراد کی تشدد زدہ نعشیں برآمد ہوتی رہی ہیں جبکہ آج 5 دسمبر کو بھی ضلع پشین سے 3 تشدد زدہ نعشیں برآمد ہوئیں۔ دوسری جانب لاپتہ افراد کے رشتہ داروں کی تنظیم وائس فار مسنگ بلوچ پرسنز کا کہنا ہے کہ صوبے سے برآمد ہونیوالی نعشوں کی تعداد سرکاری اعداد و شمار کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے۔ تنظیم کے مطابق ان میں سے بھاری اکثریت جبری طور پر لاپتہ کئے جانیوالے بلوچوں کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن