الیکشن کمشن کے ارکان فارغ کئے بغیر دھاندلی کا راستہ بند نہیں ہو گا: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر بدلنے سے دھاندلی پر مبنی انتخابی نظام نہیں بدلے گا، الیکشن کمشن کی تشکیل نو کی جائے، 4 پرانے ارکان کے ہوتے ہوئے پانچواں نیا ممبر کچھ نہیں کر سکے گا۔ پرانے ممبرز فارغ کئے اور نیا نظام لائے بغیر دھاندلی کا راستہ بند نہیں ہو گا۔ ہیوسٹن کیس سینٹ لیوک ہسپتال میں مرکزی میڈیا سیل سے بات چیت کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا ہے کہ سٹیٹس کو کی محافظ قوتیں انداز بدل بدل کر پرانا نظام جاری رکھنا چاہتی ہیں، جب تک پورا نظام نہیں بدلے گا کچھ نہیں بدلے گا۔ انہوں نے لاہور میں نابینائوں پر لاہور پولیس کے تشدد پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس کو پختہ یقین ہے کہ وہ 14معصوموں کو قتل بھی کر دیں گے اور 100 سے زائد شہریوں کو گولیوںسے چھلنی بھی کر دیں گے تو حکمران انہیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی بجائے انہیں شاباش اور تھپکی دیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے ملزموں کو قانون کے مطابق سزائیں مل جاتیں تو دوبارہ انسانیت سوز واقعات دیکھنے کو نہ ملتے۔ پنجاب پولیس اور اس کو تحفظ دینے والے حکمران پوری دنیا میں پاکستان کی بد نامی کا باعث بن رہے ہیں۔ جے آئی ٹی کی تشکیل میں مشاورت کرنے کے بیانات دینے والے حکمران خدا کا خوف کریں، جھوٹ بولنے کی بھی کوئی حد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگل کو انجیوگرافی ہو گی، کارکن، احباب اور عوام صحت یابی کیلئے دعا کریں۔