• news

11 شہریوں کے قاتل 9 ڈاکو گرفتار، لاکھوں کا مال، اسلحہ برآمد

لاہور (نامہ نگار) سی آئی اے اقبال ٹاؤن نے پولیس کی وردیاں پہن کر ڈکیتیاں کرنے اور دوران واردات مزاحمت پر پولیس کانسٹیبل سمیت 11 شہریوں کو قتل جبکہ ایف آئی اے کے کانسٹیبل سمیت 16 شہریوںکو فائرنگ کر کے زخمی کرنے کی 52 سنگین وارداتوں میں ملوث 9 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کا مال اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ سی سی پی او کیپٹن (ر)محمد امین وینس کی ہدایت پر ڈی ایس پی سی آئی اے اقبال ٹاؤن ریاض شاہ کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے عثمان عرف گجر قاتل و ڈکیت گینگ کے سرغنہ محمد عثمان عرف گجر سمیت 9 ملزموں شاکر علی، رحمان، شہزاد عرف گگو، جاوید عرف کیری، علی حسن بلوچ عرف سندھی، ریاض حسین، طارق عرف طارقی اور آصف کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان پولیس کی وردیاں پہن کر اور موٹر سائیکلوں پر پولیس کی نمبر پلیٹ لگا کر شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرتے تھے۔ گینگ میں شامل ملزم رحمان عرف بھولاملزمان کا مخبر تھا جو اپنے رکشہ میں جس شہری کو بینک لیکر جاتا وہ اس شخص کے بارے میں عثمان عرف گجر کو انفارمیشن دیتا تھا۔ ملزموں نے ایف آئی اے کے کانسٹیبل فرحت عباس کو کیمپس پل سے جوہر ٹاؤن آتے ہوئے روکا اور گن پوائنٹ پر رقم اور دیگر قیمتی اشیاء چھینے میں مزاحمت پر فائرنگ کر کے فرحت عباس اور اس کے بیٹے املیش کو شدید زخمی کر دیا تھا۔ دوران تفتیش ملزموں نے شہر کے مختلف علاقوںمیں ڈکیتی، قتل، راہزنی اور اقدام قتل کی 52 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس نے ملزموں سے 2 کاریں، رکشہ، موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شہزاد سلطان نے ڈی ایس پی سی آئی اے اقبال ٹاؤن ریاض شاہ اور ان کی ٹیم کے لئے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن