• news

سانحہ واہگہ بارڈر میں ملوث ایک دہشت گرد گرفتار، نامعلوم مقام پر منتقل

لاہور (نامہ نگار) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واہگہ بارڈر پر دہشت گردی کی کارروائی میں ملوث ایک دہشت گرد کوگرفتار کر کے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والا دہشت گرد کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے اور شمالی وزیرستان کا رہائشی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے چند روز قبل سرچ آپریشن میں گرفتار ہونے والے دہشت گردکی نشاندہی پر مذکورہ دہشت گرد کو موبائل فون کال سے ٹریس کر کے گرفتار کیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پولیس افسران کو آگاہ کیا ہے کہ شہر میں خودکش بمبار موجود ہیں جو کسی بھی وقت دہشت گردی کی بڑی کارروائی کر سکتے ہیں، جس کے بعد پولیس نے مناواں ، برکی گائوں، کینٹ ، صدر، شمالی چھائونی، رائے ونڈ و دیگر جگہوں پر سرچ آپریشن کے دوران پانچ افغانیوں سمیت31 سے زائد مشکوک افراد کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔ پولیس ذرائع کے کہنا ہے کہ ریلوے سٹیشن، لاری اڈوں، ائیرپورٹ، سرکاری عمارات، بازاروں  اور حساس مقامات کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر بھی پولیس نے سخت ناکہ بندی کر دی ہے تاہم پولیس نے دہشت گرد کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن