• news

عمران راضی ہوں یا ناراض حق اور سچ کی بات کرتے رہیں گے: شجاعت

کراچی (اے این این) (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات ہوں تو برسراقتدار جماعتیں منہ کے بل گریں گی، عمران خان ناراض ہو یا راضی، حق و سچ کی بات کرتے رہیں گے، اپنی علیحدہ شناخت کو قائم کو رکھتے ہوئے بھرپور عوامی سیاست کرینگے۔ سندھ کے کارکن تیار رہیں پنجاب اور دیگرصوبوں کی طرح سندھ میں بھی جلسے جلوس کیے جائیں گے۔ غریب کا چولہا بجھ رہا ہے سیاست دان اپنی سیاسی دکان چمکانے میں مصروف ہیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز چودھری پرویز الہی اور مونس الہی کے ہمراہ کراچی کے دورے پر (ق) لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ اور مرکزی رہنما علیم عادل شیخ سے ملاقات میں کہی۔ شجاعت حسین نے کہا کہ حکمرانوں کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔ حکومت خود ہی عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے وہ یہ کیسے واویلا کررہی ہے کہ ہم ان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں، اگر اس بار صاف اور شفاف انتخاب ہوئے تو برسراقتدار جماعتیں منہ کے بل گرتی ہوئی نظر آئینگی، ملک میں سیاسی طور پر کہیں بھی استحکام دکھائی نہیں دیتا۔ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت نے آتے ہی عوام کے احساس محرومی میں اضافہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں صوبہ سندھ کی عوام سے محبت ہے یہاں کی عوام نے ہمیشہ اپنی محبتوں سے نوازا ہے۔ اس وقت حکومت نے محنت کشوں کو نشانہ بنا رکھا ہے ہم نے اپنے دور میں جن عوامی فلاح وبہبود کے منصوبے شروع کیئے آج وہ اگر جاری رہتے تو ملک کے حالات اسقدر سنگین نہ ہوتے۔ علاوہ ازیں چودھری شجاعت اور پرویز الہٰی نے عبداللہ حسین ہارون اور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے الگ الگ ان کی رہائش گاہوں پر ملاقاتیں کیں اور ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کیا۔

ای پیپر-دی نیشن