فیصل آباد میں آج اور کل ڈبل سواری پر پابندی : مارکیٹیں‘ ٹرانسپورٹ اور سڑک زبردستی بند نہیں کرنے دینگے : پرویز رشید
فیصل آباد+اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ+نیٹ نیوز) فیصل آباد میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ڈی سی او نورالامین مینگل نے آج بروز اتوار اور کل پیر کیلئے ضلع بھر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے۔ دریں اثناءوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے عدالت میں جرح ہوئی تو ان کا جھوٹ پکڑا گیا۔ عمران پھر دھاندلی سے متعلق ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہو گئے اور جب ثبوت پیش کرنے کے سوالوں کا سامنا کرنا پڑا تو وہ تیزی سے تشریف لے گئے۔ انہوں نے عدالت میں کہا سر میں چوٹ کے باعث انہیں کچھ یاد نہیں جبکہ قومی اسمبلی میں انکی نمائندگی صرف 9 فیصد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دھاندلی نہیں بلکہ دہشت گردی ہے اور ریاست نے ہرقسم کی دہشت گردی ختم کرنے کا عزم کر لیا ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ حکومت مذاکراتی عمل کیلئے سنجیدہ ہے، احتجاج کا حق ضرور دیں گے لیکن حکومتی رٹ کو چیلنج نہیں ہونے دیا جائیگا۔ عمران خان اے اور بی پلان کو دیکھ چکے ہیں لیکن کسی کو مارکیٹ، ٹرانسپورٹ اور سڑک زبردستی بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ مذاکرات کے حوالے سے تحریک انصاف کو بھی سنجیدگی دکھانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا سیاسی حل چاہتے ہیں جب بھی اس حوالے سے بات ہو گی، حل نکالا جائے گا۔ تحریک انصاف کے لوگ مذاکرات کی میز سے اُٹھ کر گئے، مذاکرات کیلئے ماحول کا خوشگوار ہونا ضروری ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اب ہر محاذ پر پسپا ہو چکے ہیں۔ اب جھوٹ کے پیچھے چھپنا چھوڑ دیں۔ عمران خان جس پارلیمنٹ کو جعلی کہتے ہیں اس سے بھاری تنخواہیں بھی لیتے رہے ہیں۔ عمران خان تحریک انصاف کے رہنماﺅں کو مذاکرات کی اجازت دیں۔ فیصل آباد سمیت ملک بھر کے تاجروں نے جلاﺅ گھیراﺅ کی اپیلیں مسترد کر دی ہیں۔ ملک بند کرنے کی کال پر کوئی تحریک انصاف کے ساتھ نہیں، ملک بند کرنا کہاں کی دانشمندی ہے، ڈی چوک کے دھرنے کو کسی سکول، کالج، سول سوسائٹی کی حمایت حاصل نہیں۔ جب لوگ کوڑے کھا رہے تھے اس وقت عمران کرکٹ کھیل رہے تھے۔ جب وہ 18سال کے تھے تو عوام آمریت کے شکنجے میں تھے۔ جب آپ گیند لے کر بھاگتے تھے اس وقت سیاسی لوگ جدوجہد کر رہے تھے۔دریں اثناءسابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف جہاں احتجاج کرے گی وہیں مقدمہ درج ہو گا۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران خان کی ہڑتال غریب کا چولہا بجھانے کیلئے ہے۔ عمران مزدور کے منہ سے نوالہ نہ چھینیں۔ فیصل آباد مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے اور عوام پہلے ہی عمران کو مسترد کر چکے ہیں۔ کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون اپنا راستہ خود بنائیگا۔ عمران وزیراعظم نہ بننے کی سزا عوام کو نہ دیں، نئے پاکستان کے دعویداروں نے خیبر پی کے کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔
پرویز رشید/رانا ثنا