• news

فیصل آباد میں ہائیکورٹ بنچ کے قیام اور نابیناﺅں پر پولیس تشدد کیخلاف ڈسٹرکٹ بار کی ہڑتال‘ کل بھی عدالتی بائیکاٹ کا اعلان

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کی انتظامیہ کمیٹی کا اجلاس زیرصدارت چودھری تنویر الرحمن رندھاوا ہوا۔ اجلاس لاہور میں پنجاب پولیس کی طرف سے نابینا افراد پر کئے جانے والے تشدد کی مذمت کی گئی اور اسے پنجاب پولیس کی غنڈہ گردی قرار دیا گیا۔ سیکرٹری بار چودھری اعجاز احمد واہلہ نے کہا کہ پنجاب پولیس نے نابینا افراد پر تشدد کر کے غنڈہ گردی، ظلم اور بربریت کا مظاہرہ کیا۔ قبل ازیں فیصل آباد کے وکلاءنے نابیناﺅں پر پولیس تشدد کے خلاف اور فیصل آباد میں ہائیکورٹ بنچ کے قیام کے سلسلہ میں پورا دن احتجاجی ہڑتال کی اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد نے کل بروز سوموار کو ملک میں روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی، کرپشن، لاقانونیت اور فیصل آباد میں ہائیکورٹ بنچ قائم نہ کئے جانے کے خلاف احتجاجی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر بار چوہدری تنویر الرحمن رندھاوا ایڈووکیٹ اور سیکرٹری بار چوہدری اعجاز احمد واہلہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے اور کرپشن انتہا کو پہنچ چکی ہے جبکہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔
وکلا ہڑتال

ای پیپر-دی نیشن