• news

پرویز خٹک اپنی حکومت بچانے کیلئے مدد چاہتے تھے، وفاق کی کارروائی پر بات نہیں ہوئی: نثار

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے نواز شریف حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے کوئی بات ہوئی ہی نہیں بلکہ وہ میرے پاس اپنی وزارت اعلیٰ بچانے کیلئے مسلم لیگ (ن) کی مدد چاہتے تھے، ان سے دھرنا جاری رکھنے کے حوالے سے بھی کوئی بات نہیں ہوئی بلکہ انہوں نے مجھ سے درخواست کی عمران خان سے کہیں وہ دھرنا ختم کر کے اپنے ارکان اسمبلی کے استعفے واپس لیں۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کی شب ’’نوائے وقت‘‘ کے استفسار پر بتائی۔ وزیر داخلہ نے کہا جب میں نے اپنی بات میں تحریک انصاف کے کسی لیڈر کا نام نہیں لیا تو پرویز خٹک کی جانب سے جواب آ گیا تو اس کا مطلب یہ ہوا دال میں کچھ کالا ہے۔ انہوں نے کہا پرویز خٹک نے 14 اگست سے پہلے اور پھر 14 اگست کے بعد دو دفعہ پنجاب ہائوس میں مجھ سے خود فون کر کے ملاقات کی۔ اس کا دستاویزی ثبوت اور ریکارڈ ہمارے پاس موجود ہے۔ پرویز خٹک کسی صورت خیبر پی کے اسمبلی تحلیل کرنے کے حق میں نہیں تھے۔ وہ بار بار مجھے عمران خان کو دھرنا ختم کر دینے کا مشورہ دینے کیلئے کہہ رہے تھے لیکن میں ایسے شخص کو دھرنا نہ دینے کا کس طرح کہہ سکتا ہوں جو خود دھرنا نہیں دینا چاہتا تھا۔ پرویز خٹک نے اپنے طرز عمل پر شرمندہ ہونے کی بجائے مجھ پر نواز شریف کے حوالے سے بہتان تراشی کی۔ پرویز خٹک نے 14 اگست سے قبل میرے ساتھ گورنر ہائوس مری میں ملاقات کی۔ میرے پاس اس کا ریکارڈ موجود ہے۔

ای پیپر-دی نیشن